حکمران اور اپوزیشن جماعتوں کا اتفاق رائے
پٹنہ ۔ 2 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : جنتادل متحدہ کے سینئیر لیڈر اور چیف منسٹر نتیش کمار کے بااعتماد رفیق وجئے چودھری کو آج اتفاق رائے سے بہار اسمبلی کا اسپیکر منتخب کرلیا گیا ۔ ایوان میں اس عہدہ کے لیے وجئے چودھری کا نام پیش کرنے پر تمام جماعتوں بشمول جنتادل متحدہ ، آر جے ڈی ، کانگریس کے علاوہ اپوزیشن بی جے پی اور ہندوستانی عوامی مورچہ اور لوک جن شکتی پارٹی نے تائید کی ۔ تاہم 16 ویں بہار اسمبلی کے اسپیکر انتخاب کے دوران سی پی آئی ( ایم ایل ) کے 3 ارکان غیر حاضر تھے ۔ بعد ازاں وزیر پارلیمانی امور شروان کمار نے بتایا کہ اگرچیکہ سی پی آئی ایم ایل کے ارکان آج موجود نہیں تھے لیکن اسپیکر کی حیثیت سے چودھری کی نامزدگی پر اتفاق کرلیا ہے ۔ 58 سالہ وجئے چودھری ضلع سمستی پور میں حلقہ اسمبلی سرائے رنجن سے پانچویں مرتبہ منتحب ہوئے ہیں ۔ انہوں نے اپنا سیاسی کیرئیر 1982 میں کانگریس رکن اسمبلی کی حیثیت سے کیا تھا ۔ بعد ازاں اپنی وفاداری جنتادل متحدہ کے حق میں تبدیل کردی اور بیشتر حکومتوں میں 2 مرتبہ وزیر بھی رہ چکے ہیں ۔ ایوان میں آج ایجنڈہ کی پہلی کارروائی اسپیکر کا انتخاب انجام دی گئی ۔ عبوری اسپیکر سدانند سنگھ نے 11 تجاویز کنندگان کے نام پیش کئے اور دیگر ارکان نے چودھری کی تجویز سے اتفاق کیا ۔ بعد ازاں ندائی ووٹ سے انہیں اسپیکر منتخب کرلیا گیا جو کہ مجاہد آزادی پرساد چودھری کے فرزند ہیں ۔۔