وجئے شانتی اور شراون کمار ریڈی کو کامیاب بنانے کی اپیل

میدک میں ایم بال نرسیا کو آرڈینیٹر او بی سی سل کا بیان
میدک۔/27اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مسٹر ایم بال نرسیا مدیراج ریاستی کوآرڈینیٹر او بی سی سل و سابق چیرمین ضلع میدک فشریز کو آپریٹیو سوسائٹیز نے کہا کہ کانگریس حکومت کے دوران مدیراج طبقہ اور ماہی گیر طبقہ کی فلاح و بہبود کیلئے کئی ایک پروگرامس انجام دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماہی گیروں کو ان کے پیشہ کی انجام دہی کے دوران موت کا شکار ہونے پر کانگریس کے دور حکومت میں آنجہانی وائی ایس آر نے 2لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا آغاز کیا تھا۔ جس کی بناء پر ضلع میدک میں ماہی گیر اور مدیراجوں نے کانگریس کے امیدواروں کی تائید کا اعلان کیا ہے۔ مسٹر بال نرسیا میدک کے فنکشن کلب میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے اپنے ان خیالات کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ ضلع میدک میں 524 فشریز کوآپریٹیو سوسائٹیز کے تحت 60ہزار ممبران منسلک ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ ضلع میدک میں مدیراج اور ماہی گیر طبقہ کی 5لاکھ سے زائد آبادی موجود ہے۔ اس طرح انہوں نے کہا کہ حلقہ اسمبلی میدک کے منڈلوں میں 68 فشریز کوآپریٹیو سوسائٹیز موجود ہیں اور تقریباً 20ہزار رائے دہندے موجود ہیں۔ آخر میں مسٹر نرسیا نے ماہی گیروں اور مدیراج کی جانب سے جاریہ انتخابات میں کانگریس پارٹی کی تائید کا اعلان کیا اور حلقہ اسمبلی میدک سے محترمہ ایم وجئے شانتی ، حلقہ لوک سبھا میدک سے ڈاکٹر شراون کمار ریڈی کو بھاری اکثریت کے ساتھ منتخب کرنے کی اپیل کی۔