اوٹنور ۔ /3 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کلکٹر عادل آباد جگن موہن نے محکمہ صحت کے عہدیداروں کو احکام جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ ضلع کے ایجنسی علاقہ میں وبائی امراض کی روک تھام کیلئے چوکس رہتے ہوئے اقدامات کریں ۔ انہوں نے اوٹنور منڈل کے مواضعات تائی گوڑہ ، پرکاگوڑہ میں منعقدہ ہیلت کیمپ اور دامرپلی پرائمری ہیلت سنٹر (پی ایچ سی) کا دورہ کرکے طبی سہولتوں کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر نے کہا کہ مواضعات میں وبائی امراض کی روک تھام کیلئے محکمہ صحت کا عملہ احتیاطی تدابیر اختیار کرے ۔ وقتاً فوقتاً صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیتے رہے ہیں ۔ آبی ذخائر میں کلورینیشن کروایا جائے ۔ پی ایچ سیزآنے والے مریضوں کی جانچ کرتے ہوئے شدید متاثرہ افراد کو فوری عادل آباد منتقل کیا جائے ۔ انہوں نے عملہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وبائی امراض کے تدارک کے لئے محکمہ صحت کا عملہ بروقت دستیاب رہے آشا ورکرس سے لے کر پی ایچ سیز سطح تک ادویات کی دستیابی کے لئے اقدامات کئے جائیں ۔ مواضعات میں آشا ورکرس چوکس رہتے ہوئے بخار اور دیگر امراض کے تدارک کے لئے مصروف رہیں۔