واٹسن نے راجستھان رائلز کو پلے آف تک پہنچا دیا

ممبئی ، 16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ایسے مقابلے میں جہاں جیتنے والوں کیلئے پلے آف مرحلے میں مقام اور ناکام ٹیم کیلئے سیزن کا فوری اختتام داؤ پر لگا تھا، راجستھان رائلز نے کولکاتا نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کو زبردست مسابقت میں یہاں برابورن اسٹیڈیم میں صرف 9 رنز سے شکست دے دی۔ اسٹیون اسمتھ کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کا انتخاب کرتے ہوئے اوپنر شین واٹسن کی دھواں دھار سنچری کی بدولت 199/6 اسکور کئے اور پھر گوتم گمبھیر زیر قیادت مہمانوں کو 190/9 تک محدود رکھا۔ واٹسن نے غیرمعمولی بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 104 ناٹ آؤٹ بنائے جس کیلئے محض 59 گیندیں کھیلے، 9 چوکے اور 5 چھکے لگائے۔ واٹسن نے جنھیں بجا طور پر ’مین آف دی میچ‘ ایوارڈ دیا گیا، بولنگ میں 2/38 کے اعداد و شمار بھی درج کرائے۔ جوابی اننگز میں یوسف پٹھان نے سب سے زیادہ 44 رنز بنائے جبکہ کپتان گمبھیر 1 رن پر آؤٹ ہوگئے۔ فاتح ٹیم نے 16 پوائنٹس کے ساتھ اختتام کیا جبکہ کے کے آر نے 15 پوائنٹس جٹائے۔