ممبئی 10 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) انڈین پریمر لیگ (آئی پی ایل ) کے ساتویں ایڈیشن کیلئے راجستھان رائلز نے آسٹریلیا کے اسٹار آل راؤنڈر شین واٹسن کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا ہے جو کہ راہول ڈراویڈکے جانشین ہوں گے۔ سبکدوش راہول ڈراویڈ کو ٹیم کا مشیر مقرر کیا گیا ہے جو کہ مقابلوں کیلئے حکمت عملی، نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی اور نگہداشت کے علاوہ نوجوان کھلاڑیوں کی ترقی اور کرکٹ کے دیگر تمام امور میں اپنا فعال کردار نبھائیں گے۔ واٹسن نے کپتان بنائے جانے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ راجستھان رائلز کی قیادت ان کیلئے اعزاز ہے کیونکہ اس غیر معمولی ٹیم نے ہمیشہ مجھے شاندار مواقع فراہم کئے ہیں ۔ آل راونڈر نے مزید کہا کہ فرنچائز اور شائقین نے جو امیدیں ان سے وابستہ کر رکھی ہیں وہ ان کی تکمیل کو کشش کریں گے۔ واٹسن نے مزید کہا ہے کہ ان کا مقصد ٹیم کیلئے بہتر مظاہروں کے ساتھ ٹیم کی فتوحات کے سلسلہ کو جاری رکھنا ہے اور 2008 کی کامیابی حاصل کرنا ہے جیسا کہ وہ گذشتہ سیزن خطاب کے حصول کے قریب پہنچ چکی تھی اور انہیں امید ہے کہ وہ ساتویں سیزن میں خطاب حاصل کرے گی۔ دریں اثناء راہول ڈراویڈ نے واٹسن کو کپتان بنائے جانے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیائی آل راونڈر ایک شاندار کھلاڑی ہونے کے علاوہ ان میں قائدانہ صلاحیتیں بھی موجود ہیں۔ ڈراویڈ نے واٹسن کو کپتان بنائے جانے پر مبارکباد دی۔
واٹسن 2008 کے ابتدائی سیزن سے ہی راجستھان رائلز ٹیم کے ساتھ ہیں اور انہیں ٹیم انتظامیہ اور کھلاڑیوں سے اچھی واقفیت ہے ۔ علاوہ ازیں واٹسن کے شاندار مظاہروں کی بدولت راجستھان رائلز نے شین وارن کی قیادت میں افتتاحی خطاب حاصل کیا تھا ۔ واٹسن کے راجستھان رائلز کیلئے مظاہرے غیر معمولی ہیں جیسا کہ گذشتہ برس انہوں نے چینائی سوپر کنگس کے خلاف آئی پی ایل کی اپنی پہلی سنچری اسکور کرتے ہوئے ٹیم کو پلے آف مرحلے میں پہنچایا تھا اور دوسری مرتبہ ٹورنمنٹ کے بہترین کھلاڑی کا بھی اعزاز حاصل کیا ہے ۔ علاوہ ازیں بین الاقوامی سطح پر واٹسن نے 2010اور 2011 میںایلن بارڈر میڈل حاصل کیا اور متواتر 2 برس اس ایوارڈ کے حصول میں انہوں نے سابق کپتان رکی پوٹنگ کی برابری کرلی ہے ۔ نیز 2012 آئی سی سی ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں 49.80 کی اوسط سے 249رنز اسکور کرنے کے ساتھ 11 وکٹوں کے حصول کے ذریعہ انہوں نے ٹورنمنٹ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ بھی حاصل کیا تھا۔ رائلز کیلئے بھی واٹسن بہترین آل راونڈر ہیں کیونکہ انہوں نے اپنی آئی پی ایم ٹیم کیلئے 55 مقابلوں میں 145.59 کے اسٹرائیک ریٹ سے 1785 رنز اسکور کرنے کے علاوہ ایک سنچری اور 11 نصف سنچری اسکور کی ہیں۔ بولنگ میں انہوں نے 48 وکٹیں اپنے نام درج کرلی ہیں جن میں 10/3 ان کابہترین مظاہرہ ہے۔