وانکھیڈے اسٹیڈیم میں تقریب حلف برداری یا فضول خرچی ؟

ممبئی ۔ 30 ۔ اکٹوبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : این سی پی نے آج بی جے پی کو اس کی مہاراشٹرا میں پہلی سرکار بنانے کے موقع پر منعقد کی جانے والی تقریب کو شاندار پیمانے اور فضول خرچی کرتے ہوئے منائے جانے پر ہدف تنقید بنایا اور ریمارک کیا کہ بی جے پی نے آج ثابت کردیا کہ وہ دیگر سیاسی پارٹیوں سے مختلف ہے ۔ این سی پی ترجمان نواب ملک نے اپنے ٹوئیٹر پر تحریر کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی واقعی مختلف نوعیت کی پارٹی ہے کیوں کہ مہاراشٹرا کی تاریخ میں کسی بھی وزیر اعلی کی حلف برداری کی تقریب اتنے شاندار پیمانے پر عوام کا پیسہ خرچ کرتے ہوئے کبھی نہیں منائی گئی ۔ یاد رہے کہ شردیوار کی این سی پی کے 41 ایم ایل ایز کی مہاراشٹرا میں بی جے پی حکومت کی باہر سے تائید کرنے کا پہلے ہی اعلان کردیا ہے جو کل حلف لے گی ۔ این سی پی نے یہ بھی کہا کہ اگر بی جے پی حکومت کو اپنی اکثریت ثابت کرنے کے لیے اعتماد سازی کا ووٹ حاصل کرنے کی ضرورت پیش آئی تو وہ ( این سی پی ) ووٹنگ سے غیر حاضر رہے گی ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ مہاراشٹرا کی نئی حکومت کی حلف برداری تقریب وانکھیڈے اسٹیڈیم میں منعقد کی جائے گی جہاں تقریبا 40,000 مہمانوں کی آمد متوقع ہے ۔ جن میں وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کے کئی کابینی رفقاء بھی شامل ہیں ۔ علاوہ ازیں بی جے پی حکومت والی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ ، صنعتکار ، تاجرین اور فلمی اداکار بھی تقریب میں شرکت کریں گے ۔۔