واقعہ معراج حضرت محمدؐ کی رفعت و شان کا عظیم شاہکار

ظہیرآباد۔/19مئی، ( فیکس ) موضع گڑپلی ظہیرآباد منڈل میں ماہانہ مجلس تعلیم حلقہ ذکر و فاتحہ کی 44ویں مجلس کا زیر نگرانی مولانا سید خواجہ علی محبوبی قادری انعقاد عمل میں آیا۔ مفتی سید نعیم الدین محبوبی القادری کا مل جامعہ نظامیہ نے دوران خطاب کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے معجزات میں سے قرآن مجید اور معراج مصطفی ایسے عظیم الشان معجزے ہیں جو قیامت تک اولاد آدم کیلئے ہدایت و صراط مستقیم پر گامزن ہونے کا ذریعہ بنتے جائیں گے۔ واقعہ معراج جہاں قدرت الہی کا سچا واقعہ ہے وہیں سید الانبیا و مرسلین حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی رفعت و شان عظیم المرتبت کا شاہکار ہے۔ جدید سائنسی علوم جن کائناتی سچائیوں پر سے پردہ اٹھارہے ہیں اور قدم قدم پر انکشافات کی نئی نئی دنیاؤں کے ظہور کی تصدیق کررہے ہیں اس سے اسلام اور پیغمبر اسلام کی آفاقی تعلیمنات کی سائنسی توجیہ خود بخود ہوتی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہر نبی کو اپنے عہد کے حوالہ سے معجزات عطاء فرمائے چنانچہ حضرت موسیٰ علیہ السلام کی قوم جادو میں کمال رکھتی تھی۔ دربار شاہی سے صدہا جادوگر وابستہ تھے، اللہ نے جادو کے کمال کو توڑنے حضرت موسیٰ علیہ السلام کو معجزات عطاء فرمائے۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے عہد میں طب و حکمت کا زور تھا، اللہ تعالیٰ نے حضرت عیسیٰ کو مردوں کو زندہ کردینے والے معجزات عطاء فرمائے۔ امت جس کمال پر فائز ہوتی ہے نبی اس کمال پر بھی حاوی ہوجاتے ہیں چنانچہ جب خاتم النبین ؐ کو بھی ایسے ہی معجزات عطاء فرمائے گئے۔ حق تعالیٰ کو علم تھا کہ امت محمدی چاند پر قدم رکھے گی، ستاروں پر کمندیں ڈالے گی، لہذا حق تعالیٰ نے اپنے حبیب کو مکاں و لامکاں کی وسعتوں میں سے نکال کر اپنے قریب کی حقیقت عطاء فرمائی۔ واقعہ معراج جس کی عظمت میں وقت کا سفر طئے ہونے کے ساتھ ساتھ اضافہ ہوتا جائے گا اور نئے نئے کائناتی انکشافات سامنے آکر معجزہ معراج مصطفی کی حقانیت کی گواہی دیتے رہیں گے۔ ختم مجلس پر بارگاہ محبوب العرفاء حضرت سید محبوب چشتی القادری میں چادر گل کی پیشکشی و فاتحہ خوانی پر مجلس تکمیل پذیر ہوئی۔