وارڈن کی ہراسانی پر چھلانگ لگانے والی طالبہ کی علاج کے دوران موت

حیدرآباد ۔ 14 اکٹوبر ( سیاست نیوز) ہاسٹل وارڈن کی ہراسانی کا شکار انجنیئرنگ کی طالبہ سندھیا علاج کے دوران فوت ہوگئی ‘جس نے 10اکٹوبر کو ہاسٹل عمارت کی چوتھی منزل سے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی تھی ۔ پیٹ بشیرآباد پولیس کے مطابق 19سالہ طالبہ سندھیا جو ملاریڈی انجنیئرنگ کالج سال دوم کی طالبہ تھی ‘10اکٹوبر کے دن اس لڑکی کو ہاسٹل کی وارڈن للیتا نے ہراساں کیا تھا ۔ بتایا جاتا ہیکہ وارڈن نے سندھیا پر چوری کا الزام لگایا تھا اور اسے رسوا کرنے کے بعد اس کے 1500روپئے لیکر ساتھی طالبات میں تقسیم کردیئے تھے ۔ اس بات پر سندھیا دلبرداشتہ ہوگئی تھی اور اس نے عمارت سے چھلانگ لگادی تھی ۔ متوفی طالبہ کا تعلق جگتیال سے بتایا گیا ہے ‘ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔