کیپ ٹاؤن ۔ یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے تیسرے اور آخری ٹسٹ میں آسٹریلیائی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے تیز رفتار سنچری اسکور کرتے ہوئے ٹیم کو فیصلہ کن ٹسٹ میں بہتر شروعات فراہم کی ہے۔ جبکہ جنوبی افریقہ کے لئے پہلے ہی دن مشکلات میں اُس وقت اضافہ ہوگیا جب اِس کے نمبر ایک بولر ڈیل اسٹین زخمی ہوکر مقابلے سے باہر ہوئے۔ فیصلہ کن ٹسٹ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیاٹنگ کا فیصلہ کیا اور کریس راجرس کے ہمراہ ڈیوڈ وارنر نے ٹیم کو بہتر شروعات فراہم کرتے ہوئے پہلی وکٹ کے لئے 65 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی۔ راجرس 25 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی ایلن ڈولن نے 20 رنز بناکر پویلین کی راہ اختیار کی۔ تادم تحریر وارنر نے 12 چوکوں کی مدد سے 127 اور مائیکل کلارک 26 رنز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کے مجموعی اسکور 205/2 میں کلیدی رول ادا کیا ہے۔ اسٹین اور فیلنڈر نے فی کس ایک وکٹ حاصل کی ہے۔
ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو 15رنزسے شکست دی
نارتھ ساؤنڈ ۔ یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز نے 3 مقابلوں کی ونڈے سیریز کے پہلے مقابلہ میں مہمان انگلینڈ کو 15 رنز سے شکست دے کر 1-0 کی سبقت حاصل کرلی ہے۔ انگلش ٹیم جس نے نشانہ کے تعاقب میں بہتر شروعات کی تاہم وہ 270 رنز کے نشانے کے تعاقب میں 254/6 تک محدود رہی۔