راجرس ، اسمتھ اورواٹسن کی نصف سنچریاں ، مہمان فیلڈروں کا ناقص مظاہرہ
سڈنی۔ 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی بولروں کی غیرمعیاری بولنگ اور مہمان فیلڈروں کی ناقص فیلڈنگ کا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے آسٹریلیا نے سڈنی ٹسٹ کے پہلے دن 348 رنز اسکور کرلئے ہیں جبکہ اسے صرف 2 اوپنرس کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے ٹاس ہارنے کے بعد فیلڈنگ کا آغاز ایک کیچ چھوڑ کر کیا اور دن کے اختتامی اوور میں بھی سلپ میں ایک کیچ چھوڑ دیا گیا۔ دن کے آغاز میں جب اوپنر کرس راجرس 19 رنز کے انفرادی اسکور پر کھیل رہے تھے اس وقت دوسری سلپ میں لوکیش راہول نے ان کا ایک آسان کیچ چھوڑ دیا جس کے بعد راجرس نے ساتھی اوپنرڈیوڈ وارنر کے ساتھ مل کر پہلی وکٹ کیلئے 200 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی۔ ہندوستانی ٹیم کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب وارنر 114 گیندوں میں 16 چوکوں کی مدد سے 101 رنز بناکر روی چندرن اشون کی گیند پر گلی میں آؤٹ ہوئے۔ 200 رنز کی مجموعی اسکور پر پہلی وکٹ کی کامیابی کے صرف 4 رنز بعد ہی محمد سمیع نے راجرس کو بولڈ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو دوسری کامیابی دلوائی۔ راجرس جو سیریز میں مسلسل نصف سنچریاں اسکور کررہے ہیں اور وہ مزید بدقسمت ثابت ہوئے کیونکہ و اپنے گھریلو میدانوں کے آخری ٹسٹ کی پہلی اننگز میں 95 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔ راجرس نے 160 گیندوں پر مشتمل اپنی اننگز کے دوران 13 چوکے لگائے۔
تھوڑے سے وقفے میں یکے بعد دیگرے 2 وکٹوں کے زوال کے بعد کپتان اسٹیو اسمتھ اور آل راؤنڈر شین واٹسن نے تیسری وکٹ کیلئے 144 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی ہے۔ واٹسن جوکہ نمبر 3 پر بیٹنگ کا آغاز کیا اور ابتدائی لمحات میں انہیں رنز اسکور کرنے میں کافی جدوجہد کرنی پڑرہی تھی لیکن دوسری جانب سیریز میں غیرمعمولی فام میں موجود اسمتھ مسلسل رنز اسکور کرتے رہے۔ دن کے اختتام پر کپتان اسمتھ 134 گیندوں میں 10 چوکوں کی مدد سے 82 رنز بنالئے ہیں اور وہ سیریز میں چوتھی سنچری کی سمت گامزن ہے۔ دریں اثناء واٹسن جو ناقص مظاہروں سے پریشان اور ٹیم میں اپنی جگہ بچانے کی کوشش میں مصروف ہیں، انہوں نے بالآخر 132 گیندوں میں 6 چوکوں کی مدد سے 61 رنز کی غیرمفتوح اننگز کھیلی ہے۔ ہندوستان کیلئے محمد سمیع جن کی بولنگ پر ابتدائی اوورس میں راہول نے کیچ چھوڑ تھا، وہ دن کے اختتام پر 16 اوورس میں 58 رنز دے کر ایک کامیابی حاصل کی جبکہ روی چندرن اشون نے 28 اوورس میں 88 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔
بھونیشور کمار نے 20 اوورس میں 67 رنز اور اومیش یادو نے 16 اوورس میں 6.06 کی اوسط سے 97 رنز دینے کے باوجود کوئی وکٹ حاصل نہیں کرپائے۔ ویراٹ کوہلی کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم میں چار تبدیلیاں کی گئی ہیں جبکہ سبکدوش ہونے والے کپتان مہیندر سنگھ دھونی کے مقام پر وریدھیمان ساہا کو شامل کیا گیا جبکہ اوپنر شکھر دھون، چیٹیشور پجارا اور ایشانت شرما کے مقام پر روہت شرما، سریش رائنا اور بھونیشور کمار کو شامل کیا گیا ہے۔ فاسٹ بولنگ شعبہ میں تبدیلیوں کے باوجود ہندوستانی ٹیم کو فائدہ نہیں ہوا کیونکہ فاسٹ بولروں کی جوڑی بھونیشور کمار اور اومیش یادو وکٹ لینے میں ناکام رہے ۔ علاوہ ازیں اومیش یادو وکٹ لینے میں ناکام رہنے کے علاوہ انتہائی مہنگے ثابت ہوئے۔