پٹنہ۔ یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام) جنتا دل (یو) نے وارناسی میں عام آدمی پارٹی امیدوار اروند کجریوال کی تائید کا فیصلہ کیا ہے جہاں وہ بی جے پی وزارتِ عظمیٰ امیدوار نریندر مودی کے خلاف مقابلہ کررہے ہیں۔ جنتا دل (یو) ترجمان راجیو رنجن پرساد نے بتایا کہ ان کی پارٹی کانگریس اور بی جے پی دونوں کی مخالف ہے چنانچہ وارناسی میں کجریوال کی تائید کی جائے گی۔ یہ فیصلہ پارٹی نے کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جنتا دل (یو) غیربی جے پی اور
غیرکانگریس جماعتوں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر لانے میں اہم رول ادا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف لڑائی سکیولرازم کو مستحکم بنانے کے مقصد سے یہ کام کیا جارہا ہے۔ ایک اور پارٹی ترجمان نیرج کمار نے کہا کہ جنتا دل (یو) یونٹ نے عام آدمی پارٹی لیڈر کی تائید کی تجویز پیش کی جس کی قومی قیادت نے توثیق کی ہے۔ جنتا دل (یو) صدر شرد یادو اور جنرل سکریٹری کے سی تیاگی وارناسی میں کجریوال کے حق میں مہم چلائیں گے۔ نیرج کمار نے کہا کہ کجریوال میں فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف لڑائی کا جو حوصلہ ہے، اسے دیکھ کر ہم نے اس اہم ترین نشست پر ان کی تائید کا فیصلہ کیا ہے۔ وارناسی میں نریندر مودی، کجریوال اور کانگریس کے اجئے رائے کے مابین سہ فریقی مقابلہ ہے۔
وارناسی میں رام دیو کو یوگا کیمپ کی اجازت نہ دی جائے : عام آدمی پارٹی
وارناسی ۔ یکم ؍ مئی (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی نے وارناسی میں بابا رام دیو کے کیمپ کی مخالفت کی اور الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہیکہ مندروں کے شہر میں انتخابات ہونے تک ایسی کسی سرگرمی کی اجازت نہ دی جائے کیونکہ اس سے لا اینڈ آرڈر کا مسئلہ پیدا ہوسکتا ہے۔ پارٹی نے کہا کہ ایسی کسی سرگرمی کا مطلب بی جے پی کی تشہیر کرنا ہوگا کیونکہ یوگاگرو زعفرانی پارٹی کیلئے مہم چلا رہے ہیں۔ پارٹی نے کہا کہ حال ہی میں رام دیو نے دلتوں اور خواتین کے خلاف اہانت آمیز تبصرہ کئے تھے جس کی بناء الیکشن کمیشن نے امیتھی اور ہماچل پردیش کے بعض حصوں میں انہیں یوگا کیمپس کی اجازت دینے سے انکار کیا تھا۔ پارٹی نے کہا کہ عوام پہلے ہی رام دیو کے تبصروں پر برہم ہیں اور یوگا کیمپ کے انعقاد سے لا اینڈ آرڈر متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔