نئی دہلی 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)سینئر کانگریس قائد راشد علوی نے آج صدر کانگریس سونیا گاندھی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا کہ پہلی بار سیکولر ہندوستان کا نظریہ خطرہ میں ہے ۔ انہوں نے صدر کانگریس سے درخواست کی کہ انہیں بنارس سے نریندر مودی کے خلاف مقابلہ کرنے کی اجازت دی جائے ۔ قبل ازیں جنرل سکریٹری کانگریس ڈگ وجئے سنگھ اور مرکزی وزیر آنند شرما نے بھی مودی سے مقابلہ کی پیشکش کی ۔راشد علوی نے یقین ظاہر کیا کہ یہ مشہور شہر ہندوستان کی سیکولر اقدار کو استحکام عطا کرنے کیلئے ان کی تائید کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ واراناسی اب بھی برصغیر ہندوستان کی اقدار کو سرفراز رکھتا ہے ۔ اس شہر نے ہندوستان کی تکثیری شناخت قائم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے یہ ہندوؤں ، مسلمانوں ، جینیوں اور بدھ مت کے پیروؤں کا شہر ہیں۔ مغل شہنشاہ برہمنوں سے علم حاصل کرنے کیلئے بنارس کے دورے کیا کرتے تھے ۔ افواہیں گرم ہیں کہ کانگریس واراناسی سے کسی مقامی امیدوار کو مودی کے مقابلے میں نامزد کرے گی۔پارٹی کا فیصلہ ذرائع کے بموجب جلد ہی منظر عام پر آجائے گا۔