رائے پور / نئی دہلی 22 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کی بھانجی کرونا شکلا کو چھتیس گڑھ میں راج نند گاوں اسمبلی حلقہ سے چیف منسٹر رمن سنگھ کے خلاف میدان میں اتارا ہے ۔ ریاست میں پارٹی امیدواروں کی دوسری فہرست جاری کرتے ہوئے پارٹی نے پہلے مرحلے کے مابقی چھ حلقوں کیلئے اپنے امیداوروں کا اعلان کردیا ہے ۔ اس سے قبل پارٹی 12 امیدواروں کا اعلان کرچکی ہے ۔ ریاست میں پہلے مرحلہ میں 12 نومبر کو رائے دہی ہوگی جبکہ پرچہ جات نامزدگیوں کے ادخال کی آخری تاریخ 23 اکٹوبر ہے ۔ جنجگیر حلقہ سے لوک سبھا کی رکن کرونا شکلا نے اسمبلی انتخابات سے قبل بی جے پی سے استعفی پیش کردیا تھا اور کانگریس میں شامل ہوگئی تھیں۔ ان کا الزام تھا کہ ریاستی بی جے پی قیادت میں انہیں نظر انداز کیا جا رہا ہے ۔ کانگریس کی ریاستی مواصلاتی ونگ کے سربراہ شیلیش نتن ترویدی نے کہا کہ کانگریس میں شمولیت کے بعد کرونا شکلا راج نندگاوں حلقہ اسمبلی میں سرگرم تھیں۔ وہ ایک طاقتور امیدوار نہیں جو نہ صرف رمن سنگھ کو سخت مقابلہ دینگی بلکہ انہیں شکست بھی دینگی ۔ علاوہ ازیں گروار جانگھیل خیرا گڑھ حلقہ سے ‘ بھونیشور سنگھ باگھیل ڈونگر گڑھ ایس سی حلقہ سے اور دلیشور ساہوڈونگر گاوں اسمبلی حلقہ سے امیدوار ہونگے ۔