واجپائی، سومناتھ چٹرجی، اننت کمار کو پارلیمنٹ کا خراج عقیدت متوفی ارکان کی تعزیت کے بعد دونوں ایوانوں کا اجلاس ملتوی

نئی دہلی 11 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پارلیمنٹ کے سرمائی سیشن کے پہلے دن دونوں ایوانوں میں سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی، لوک سبھا کے سابق اسپیکر سومناتھ چٹرجی اور کئی موجودہ و سابق ارکان کو خراج عقیدت ادا کرنے کے بعد اجلاس ملتوی کردیا گیا۔ لوک سبھا کی اسپیکر سمترا مہاجن نے واجپائی، چٹرجی، مرکزی وزیر اننت کمار اور تین ارکان کو خراج عقیدت ادا کیا۔ راجیہ سبھا کے صدرنشین ایم وینکیا نائیڈو نے سابق وزیراعظم، لوک سبھا کے سابق اسپیکر اور سابق ارکان کو خراج عقیدت ادا کیا۔ مہاجن نے کہاکہ واجپائی پارلیمنٹ کے ایک ممتاز رکن تھے جنھیں ساری سیاسی برادری کا بیحد احترام حاصل تھا۔ وینکیا نائیڈو نے واجپائی کے طویل پارلیمانی کیرئیر کے دوران انجام دی گئی خدمات اور تین مرتبہ وزیراعظم کی حیثیت سے اُن کی میعاد کو یاد دلایا۔ دونوں ایوانوں نے لوک سبھا کے سابق اسپیکر سومناتھ چٹرجی اور مرکزی وزیر اننت کمار کو پُراثر خراج عقیدت ادا کیا۔ راجیہ سبھا کے صدرنشین ایک مرحلہ پر اننت کمار کے انتقال کی اطلاع دیتے ہوئے خراج عقیدت کی پیشکشی کے دوران جذبات سے مغلوب ہوگئے۔ تقریباً ایسا ہی منظر لوک سبھا میں دیکھا گیا جب واجپائی کو خراج عقیدت کی ادائیگی کے دوران سمترا مہاجن کی آواز گلوگیر ہوگئی تھی۔ وزیراعظم نریندر مودی اور تقریباً تمام مرکزی وزراء اس موقع پر لوک سبھا میں موجود تھے۔ لوک سبھا اجلاس کے آغاز سے قبل وزیراعظم نریندر مودی اپوزیشن بنچوں کی طرف پہونچ گئے جہاں اُنھیں کانگریس رہنما سونیا گاندھی، سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا، ایس پی قائد ملائم سنگھ یادو اور دوسروں سے مختصر بات چیت کی۔ آنجہانی ارکان کو خراج عقیدت کی پیشکشی کے موقع پر کانگریس کے صدر راہول گاندھی بھی ایوان زیریں میں موجود تھے۔ وزیر فینانس ارون جیٹلی اور بی جے پی کے صدر امیت شاہ ایوان بالا میں موجود تھے۔ لوک سبھا کی موجودہ میعاد سے تعلق رکھنے والے تین متوفی ارکان بھولا سنگھ، ایم آئی سرینواس اور مولانا اسرالحق قاسمی کو بھی خراج عقیدت ادا کیا گیا جن کا حال ہی میں انتقال ہوگیا۔ ایوان بالا نے اپنے سابق ارکان آر کے دوریندرا سنگھ، کرما ٹوڈین، کلدیپ نیر، نندا موری ہری کرشنا، درشن سنگھ یادو، رتناکر پانڈے، ستیہ پرکاش مالویہ، رام دیو بھنڈاری، مالتی شرما، این ڈی تیواری، پی کے مہیشوری، بائشنب پریدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ راجیہ سبھا نے اڈیشہ، آندھراپردیش اور ٹاملناڈو میں طوفان ’گجا‘ میں جان گنوانے والوں کو بھی خراج عقیدت ادا کیا۔