دفاعی چیمپئن مرے اور نڈال کی پیشقدمی
لندن۔4جولائی(سیاست ڈاٹ کام )سال کے تیسرے گرانڈ سلام ومبلڈن کے 131ویں ایڈیشن کے مین راؤنڈ کا آغاز ہوا اور پہلے ہی راؤنڈ میں ان کھلاڑیوں کا اخراج ہوگیا جنہیں خطاب کی دوڑ میں اہم تصور کیا جارہا تھا۔مینز سنگلز کے دفاعی چیمپئن اینڈی مرے اور اسپین کے رافل نڈال نے ابتدائی رکاوٹ عبور کرلی۔ دریں اثناء خطاب کے دوڑ میں شامل آسٹریلیائی نک کیرگیوس پہلے ہی راؤنڈ میں زخمی‘سوئزاسٹار اسٹانسلس واؤرنکا اور فرنانڈو ورڈاسکو ناکامی سے دوچار ہوکر ایونٹ سے باہر ہوگئے۔ برطانیہ کے اینڈی مرے نے قازقستان کے الیگزینڈر ببلک کو 6-1، 6-4 اور 6-2 جبکہ رافل نڈال نے جان ملمین کو 6-1، 6-3 اور 6-2 سے شکست دی۔ مرین سلچ ، کائی نیشکوری ،جو ولفرائیڈ سونگا،رابرٹو بوٹسٹا آگٹ ،ثام کیوری ،کیرن خیچانوف، نکولوز باسیلاشویلی، سائمن بولیلی، ڈسٹن براؤن، جرزی جانووچ، تھیاگو مونٹیرو اور بینوئٹ پائرے حریف کھلاڑیوں کو مات دے کر دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے۔ویمنز سنگلز ایونٹ میں سیمونا ہالیپ نے مریناایراکووچ، ایلینا سویٹولینا نے ایشلے بارٹی،وینس ولیمز نے ایلسی مارٹنز،پیٹرا کویٹووا نے جوہانا لارسن،میڈیسن کیز نے ناؤ ہبینو اورکمیلا جارجی نے الیزے کورنیٹ کو شکست دیکر دوسرے راؤنڈ میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا تاہم کیرینا وتھوفٹ نے مریانا لوچچ بارونی، ماریا سکاری نے کیٹرینا سنیاکووا اوربیٹرز ہیڈڈ مایا نے لارا رابسن کو حیران کن شکست سے دوچار کردیا۔ آسٹریلیائی اسٹار نک کریگوس ومبلڈن کے پہلے مرحلے میں زخمی ہو کر کھیل سے دستبردار ہو گئے۔کریگوئس ومبلڈن میں شامل بڑے ناموں میں پہلے کھلاڑی ہیں جو باہر ہوئے ہیں۔ کریگوئس کا مقابلہ فرانسیسی کھلاڑی ہیوز ہربرٹ سے تھا۔پہلے اور دوسرے سیٹ میں انہیں 6-3، 6-4 سے شکست ہوئی تاہم تیسرے سٹ سے قبل ہی وہ کولہے کے زخم کا شکار ہوکرایونٹ سے باہر ہو گئے۔کریگوئس گزشتہ ماہ کوئینز کلب چیمپئن شپ کے دوران زخمی ہوئے تھے لیکن انہوں نے ومبلڈن سے قبل کہا تھا کہ وہ ساٹھ سے 65 فیصد فٹ ہیں۔ واضح رہے کہ کریگوئس کے دستبردار ہو نے سے ہیوز ہربرٹ کی قسمت جاگ گئی اور وہ ایونٹ کے دوسرے مرحلے میں پہنچ گئے۔پہلے مرحلے میں سب سے حیران کن نتیجہ واؤرینکا کی شکست رہی جنہیں عالمی نمبر 49 ویں روسی 21 سالہ نوجوان کھلاڑی مڈویڈو نے 4 سٹوں پر مشتمل مقابلے میں 6-4‘3-6 ‘ 6-4‘6-1 سے شکست دی۔
رسل معیاد میں توسیع کے خواہاں
جوہانسبرگ ۔4جولائی(سیاست ڈاٹ کام )جنوبی افریقہ کے کوچ رسل ڈومنگو نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس ٹیم کی کوچنگ کے لئے پھر سے درخواست دیں گے۔ ان کی معاہدے کی مدت دورہ انگلینڈ کے اختتام پر پوری ہورہی ہے۔