تین افراد بشمول آرگنائزر گرفتار ، ٹاسک فورس پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ /17 اگست (سیاست نیوز) ٹاسک فورس پولیس نے شہر میں قحبہ گری کے اڈے کو بے نقاب کرتے ہوئے تین افراد بشمول آرگنائزر کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 24 سالہ دلال سنگی ریڈی بھرت ریڈی نیو بوئن پلی سکندرآباد میں ایک اپارٹمنٹ میں قحبہ گری کا اڈہ چلارہا تھا ۔ اس کاروبار میں شری شاہ نامی خاتون دلال بھی ملوث بتائی گئی ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ بھرت ریڈی جے ایس آر ریسیڈنسی ، جیا انکلیو میں مختلف مقامات سے لڑکیوں کو منتقل کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر قحبہ گری کا اڈہ چلارہا تھا ۔ پولیس نے مزید بتایا کہ گرفتار دلال مشرقی بنگال ، آندھراپردیش اور دیگر مقامات سے لڑکیوں کی اسمگلنگ کرتے ہوئے انہیں کاروبار میں ملوث کررہا تھا ۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس نارتھ زون ٹیم نے مذکورہ قحبہ گری کے اڈے پر دھاوا کرتے ہوئے بھرت ریڈی کے علاوہ وہاں پر موجود دو گاہک جے بالا پڈیگا راؤ اور یو آکاش کو گرفتار کرلیا ۔ ٹاسک فورس نے دھاوے کے دوران وہاں سے 5 ہزار نقد رقم ، موبائیل فونس اور دیگر اشیاء برآمد کرلی ۔