نیوزی لینڈ 403 رنز پر آل آوٹ، پاکستان 34/2

دبئی ۔ 18 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف یہاں کھیلے جارہے دوسرے ٹسٹ کی اپنی پہلی اننگز میں 403 رنز اسکور کرتے ہوئے پہلی مرتبہ پاکستانی اننگز کا آغاز کرنے والے اوپنرس شان مسعود اور توفیق عمر کو جلد آوٹ کرتے ہوئے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر میزبان ٹیم کو 34/2 تک محدود کردیا ہے اور مقابلہ پر اپنی گرفت مضبوط بنانی شروع کی ہے۔ دوسری جانب پاکستان کیلئے انفام بیٹسمین اظہرعلی 18 گیندوں میں 4 رنز اور یونس خان ایک رن بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔ پاکستان کیلئے آوٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں شان مسعود نے 48 گیندوں میں 13 رنز اور توفیق عمر نے 42 گیندوں میں 2 چوکوں کی مدد سے 16 رنز اسکور کئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کیلئے مائیک گریک نے 6 اوورس میں 8 رنز اور ایش سودھی نے 5 اوورس میں 12 رنز کے عوض فی کس ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا ہے۔ قبل ازیں نیوزی لینڈ نے اپنے کل کے اسکور 243/3 سے آگے کھیلنا شروع کیا ہے۔ گذشتہ روز اپنے کریئر کی دوسری سنچری اسکور کرنے والے اوپنر لیتھم نے اپنے کل کے اسکور 137 رنز میں کوئی اضافہ نہیں کیا۔ لوور آرڈر میں واٹلنگ نے 120 گیندوں میں 3 چوکوں کی مدد سے 39 رنز، گریک نے 110 گیندوں میں 5 چوکوں کی مدد سے 43 اور سودھی نے 63 گیندوں میں ایک چھکے کی مدد سے ناقابل تسخیر 32 رنز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کے اسکور کو 400 سے آگے پہنچایا۔ پاکستان کیلئے ذوالفقار بابر نے 137 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ احسان عادل اور یاسر شاہ فی کس دو وکٹیں حاصل کیں۔