ابوظہبی۔15نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ٹوئنٹی20 اور ونڈے میں بہتر مظاہروںکے بعد ٹسٹ میں بھی پاکستانی ٹیم بہتر مظاہروں کیلئے پرعزم ہے جیساکہ کل سے پاکستان اورنیوزی لینڈ کے درمیان سیریزکا افتتاحی میچ شروع ہوگا۔ دونوں ہی ٹیموں نے محدود اوورس میں اچھی کارکردگی کے بعد پاکستان ٹسٹ میں بھی کامیابی کے لیے پْرعزم ہیں۔ زخمی امام الحق مکمل فٹ ہیں اور ہوسکتا ہے وہ پہلے ٹسٹ میں ٹیم کا حصہ ہوں۔ دوسری جانب مہمان ٹیم نے بھی ٹسٹ کرکٹ میں اپنا ریکارڈ بہتر بنانے کی ٹھان لی ہے لیکن ٹسٹ میں نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کا پلڑا بھاری ہے۔ 22 سیریز میں پاکستان نے 13میں کامیابی حاصل کی ہے اورصرف 3 میں کامیابی نیوزی لینڈ کو ملی لیکن 2016 کی سیریز میں مہمان ٹیم نے پاکستان کو 2-0 سے شکست دی تھی۔ علاوہ ازیں کپتان سرفراز احمد نے شاہین آفریدی کو پہلا ٹسٹ نہ کھلانے کا اشارہ دے دیا۔ ابوظہبی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ضرورت پڑی تو شاہین آفریدی کو ضرورآزمائیں گے۔ ون ڈے سیریز میں پاکستان ٹیم اچھے فارم میں نظر آئی لیکن ٹسٹ کرکٹ میں کیویز کی طرف سے سخت مزاحمت کا سامنا ہوگا، مہمان اسکواڈ اس فارمیٹ میں خاصا مضبوط ہے، خاص طور پر بولنگ بہت اچھی ہے، ٹرینٹ بولٹ اور ٹم سائوتھی تجربہ کار ہیں، ہمیں ان کو بہتر انداز میں کھیلنے کے لئے محنت کرنا ہوگی۔ سرفراز احمد نے کہا کہ حارث سہیل کی ونڈے میں اچھے فارم کی جھلک دکھلائی، ٹسٹ میں بھی ان سے اچھی کارکردگی کی امیدیں ہیں، یاسر شاہ بھی آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹسٹ میں ردھم میں آ گئے تھے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف بھی ہمارا ٹرمپ کارڈ وہ ہی ہوں گے۔ بلال آصف بھی اس فارمیٹ کا تجربہ حاصل کرتے جا رہے ہیں، اسپنر سے اچھی کارکردگی کی امیدیں وابستہ ہیں۔