ہرارے۔ 5اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) نیوزی لینڈ نے اوپنرز کی ریکارڈ ساز پارٹنرشپ کی بدولت زمبابوے کو دوسرے ونڈے میں باآسانی دس وکٹوں سے شکست دے کر 3 مقابلوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی ہے۔ ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو تباہ کن ثابت ہوا اور صرف 68 رنز پر اس کے پانچ کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔ اس موقع پر ایسا محسوس ہورہا تھا کہ شاید میزبان ٹیم 100 رنز کے اندر ہی پویلین لوٹ جائے لیکن سکندر رضا نے ناقابل شکست سنچری اسکور کرتے ہوئے ٹیم کے اسکور کو 235/6 تک پہنچایا لیکن مہمان ٹیم کے اوپنرس نے 236 رنز کا نشانہ بغیر کوئی وکٹ گنوائے ہی حاصل کرلیا ۔سکندر نے شان ولیمز کے ساتھ 60 رنز کی شراکت قائم کر کے زمبابوے کو سہارا دیا لیکن اسی موقع پر ولیمز 26 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے۔ اسکور 146 تک پہنچا تو زمبابوے ٹیم آٹھ وکٹوں سے محروم ہو کر ایک مرتبہ پھر بحران سے دوچار تھی۔سکندر نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 95 گیندوں پر چار چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے اپنی تیسری سنچری مکمل کر کے ٹیم کا مجموعہ 235 تک پہنچا دیا۔انہوں نے 33 رنز بنانے والے پنیانگرا کے ساتھ 89 رنز کی شراکت قائم کی
جو نویں وکٹ وکٹ کیلئے زمبابوے کی سب سے بڑی شراکت ہے جبکہ سکندر ساتویں نمبر یا اس سے نیچے سنچری بنانے والے زمبابوے کے پہلے اور دنیا کے 13ویں کرکٹر بن گئے۔کیویز کی جانب سے ایش سودھی تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ گرانٹ ایلیٹ نے دو وکٹیں اپنے نام کیں۔اننگز کے اختتام پر 236 رنز کا ہدف انتہائی معقول محسوس ہوتا تھا لیکن نیوزی لینڈ کے اوپنرز نے بہترین اور ریکارڈساز اننگزکھیلتے ہوئے زمبابوے کے سیریز جیتنے کے عزائم کو ناکام بنا دیا۔ مہمان ٹیم کے دونوں کھلاڑیوں نے پہلی وکٹ کیلئے ناقابل شکست 236 رنز کی ساجھے داری قائم کر کے اپنی ٹیم کو 10 وکٹ کی آسان کامیابی دلوانے کے ساتھ ہی سیریز بھی 1-1 سے برابر کردی۔ ٹام لیتھم 110 اور مارٹ گپٹل 116 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جس پر دونوں کھلاڑیوں کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے وکٹ گنوائے بغیر سب سے بڑے ہدف کے تعاقب کا عالمی ریکارڈ بھی بنا دیا جو اس سے قبل سری لنکا کے پاس تھا جس نے بغیر وکٹ کھوئے 230 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔ سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ جمعہ کو کھیلا جائے گا۔