نیوزی لینڈ کیخلاف ویسٹ انڈیز کی ونڈے ٹیم کا اعلان

کنگسٹن۔6 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے رواں ماہ نیوزی لینڈ کے خلاف مجوزہ ونڈے اور ٹونٹی20 سیریز کیلئے الگ الگ ٹیموں کا اعلان کر دیا ہے جس میں کرس گیل اور مارلون سیموئلز ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔ بائیں ہاتھ کے اسپنر نکیتا ملر اور فاسٹ بولر شینن گیبرئیل کی دوبارہ ونڈے اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے جبکہ فاسٹ بولر رونسفورڈ بیٹن پہلی مرتبہ سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں ۔جیروم ٹیلر، دیوندرا بیشو اور میگل کمنز کو ونڈے سکواڈ سے خارج کر دیا گیا ہے تاہم جیروم ٹیلر ٹونٹی20 سیریز میں ٹیم کا حصہ ہوں گے ۔ سیموئل بدری، آندرے فلیچر کی دوبارہ ٹی ٹونٹی سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ معلنہ ونڈے سکواڈ کپتان جیسن ہولڈر، جیسن محمد، سنیل امبروس، رونسفورڈ بیٹن، شینن ،کرس گیل، کائل ہوپ، شائی ہوپ، الزاری ، ایون ، نکیتا ملر، ایشلے نرس، روومان ، مارلون سیموئلز اور کیسرک ولیمز جبکہ ٹی ٹونٹی اسکواڈ کپتان کارلوس بریتھویٹ، سیموئل بدری، رونسفورڈ، ریاد ایمرٹ، فلیچر، گیل، جیسن محمد، سنیل نارائن،کیرن پولارڈ، روومان ، سیموئلز، جیروم ، والٹن اور کیسرک پر مشتمل ہے۔

 

ہولڈر پر دوسرے ٹسٹ کے لئے پابندی
آکلینڈ ۔6 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام )آئی سی سی نے نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ٹسٹ میں سلو اوورریٹ کے سبب ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر کو ایک میچ کیلئے معطل کردیا ہے جو پاکستان کیخلاف بھی سلو اوور ریٹ کا شکار ہوئے تھے۔ ویسٹ انڈیز ٹیم میزبان نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ٹسٹ کے دوران مقررہ وقت میں تین اوورز پیچھے رہی جس کی پاداش میں جیسن ہولڈر میچ فیس کے 60 فیصد جبکہ دیگر کھلاڑی فی کس تیس فیصد سے محروم ہوگئے۔ جیسن ہولڈر اپنی ٹیم کی دوسرے ٹسٹ میں قیادت نہیں کر سکیں گے۔