نیوزی لینڈ کوپہلے ٹسٹ میں8 وکٹوں کی کامیابی

کرسٹ چرچ۔ 29 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) پہلے ٹسٹ میں میزبان نیوزی لینڈ نے سری لنکا کی ٹیم کو بہ آسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی ہے اور اس کامیابی کے ساتھ نیوزی لینڈ نے اپنے ٹسٹ کرکٹ تاریخ کے بہترین سال کا ختم کیا۔نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن مکالم کی جارحانہ ریکارڈ سنچری کی بدولت اس سال نیوزی لینڈ کو5 ٹسٹ میچوں میں کامیابی حاصل ہوئی ہے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ مکالم کو ان کی اس ریکارڈ سنچری پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔پہلے ٹسٹ میںکھیل کے دوسرے ہی دن سری لنکا کو فالو آن پر مجبور ہونا پڑا تھا تاہم اس نے دوسری اننگز میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا اور اننگز کی شکست سے بچنے میں کامیاب رہی۔سری لنکا نے دوسری اننگز میں 407 رنز بنائے اور نیوزی لینڈ کو 105 رنز کا معمولی ہدف دیا جسے نیوزی لینڈ نے دو وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔نیوزی لینڈ کی طرف سے بیٹنگ میں کپتان مکالم نے نمایاں کردار ادا کیا تو بولنگ میں ٹم ساؤتھی نے بہتر مظاہرہ کیا۔سری لنکا کے کپتان اینجلو میتھیوز نے میچ کے بعد کہا پہلی اننگز میں ہماری بیٹنگ ناکام رہی جس کی وجہ سے ہم میچ سے باہر ہو گئے۔ قبل ازیں سری لنکا نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ نیوزی لینڈ نے مکالم کی جارحانہ بیٹنگ کے سبب 441 رنز بنائے کپتان نے 134 گیندوں پر 195 رنز بنائے جس میں 11 چھکے اور 18 چوکے شامل ہیں۔پہلی اننگز میں سری لنکا کی ٹیم پوری ٹیم 138 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو فالوآن دیا۔ سری لنکا نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے دوسری اننگز میں 407 رنز بنائے جس میں کرونا رتنے کی سنچری شامل تھی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی اور ٹرینٹ بولٹ نے فی کس چار وکٹ لئے۔نیوزی لینڈ نے کامیابی کے لئے مطلوبہ 105 رنز دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ کین ولیمسن اور راس ٹیلر نے بالترتیب 31 اور 39 رنز کی ناقابل تسخیر اننگز کھیلی ۔اس کامیابی کے ساتھ نیوزی لینڈ کو دو میچوں کی اس سیریز میں 1-0 کی سبقت حاصل ہو گئی ہے۔