نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو اننگز اور 52رنز سے دی شکست

ھیملٹن۔ 3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سومیہ سرکار (149) اور محمود اللہ (146) کی شاندار سنچریوں کے باوجود میزبان نیوزی لینڈ نے فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ (123 رن پر پانچ وکٹ) کی خطرناک گیند بازی کے دم پر بنگلہ دیش کو پہلے ٹیسٹ کے چوتھے دن اتوار کو اننگز اور 52 رنز سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی ہے ۔نیوزی لینڈ کے پہلی اننگز میں 715 رنز کے ہمالیائی اسکور کے سامنے بنگلہ دیش کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 429 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی اور اسے شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے پانچ، ٹم ساؤتھی نے تین اور نیل ویگنر نے دو وکٹ لئے ۔ بنگلہ دیش نے پہلی اننگز میں 234 رنز بنائے تھے ۔اس سے پہلے بنگلہ دیش نے میچ کے چوتھے دن 174 رن پر چار وکٹ کے اسکور سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ سومیہ سرکار اور کپتان محمود اللہ نے بنگلہ دیش کی دوسری اننگز کو بخوبی آگے بڑھایا اور پانچویں وکٹ کے لئے 235 رنز کی بہترین شراکت کی۔ اس دوران مہمان ٹیم کے دونوں ہی بلے بازوں نے اپنے سنچری پوری کیں ۔ بولٹ نے سومیہ سرکار کو بولڈ کر 361 رن کے اسکور پر مہمان ٹیم کو پانچواں جھٹکا دیا اور مضبوط ہوتی اس شراکت کو توڑا۔ سرکار نے 171 گیندوں میں 21 شاندار چوکوں اور پانچ بہترین چھکوں کی مدد سے 149 رنز بنائے۔