کرائسٹ چرچ ، 23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ نے فاسٹ بولرز کے عمدہ کھیل کی بدولت بنگلہ دیش کو دوسرے ٹسٹ میچ میں باآسانی نو وکٹ سے شکست دے کر سیریز میں 2-0 سے کلین سویپ کر لیا۔ گزشتہ روز یہاں تیسرے دن کا کھیل مکمل طور پر بارش کی نذر ہونے کے بعد ایسا محسوس ہوتا تھا کہ شاید ٹسٹ میچ ڈرا ہو جائے کیونکہ نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز بھی تمام نہ ہوئی تھی۔ لیکن کیویز نے عمدہ جارحانہ کھیل کی بدولت میچ میں فتح کے ساتھ ساتھ سیریز میں بھی کلین سویپ کر دیا۔ 260/7 سے پہلی اننگز دوبارہ شروع کرنے والی کیوی ٹیم کو ہنری نکولس نے 98 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر برتری دلائی، وہ دو رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہ کر سکے۔ نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز 354 رنز پر تمام ہوئی اور یوں میزبان نے 65 رنز کی برتری حاصل کی۔ دوسری اننگز میں ایک موقع پر بنگلہ دیش کا اسکور 73/2 تھا لیکن پھر پوری ٹیم مزید 100 رنز کے اضافے کے ساتھ 173 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ نیل ویگنر نے تین اوورز میں تین وکٹیں لے کر بنگلہ دیشی مڈل آرڈر بیٹنگ لائن کو بکھیر دیا اور اپنی ٹیم کو فتح کی راہ پر گامزن کیا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے سومیا سرکار 36، محموداللہ 38، تسکین احمد 33 اور قمرالاسلام 25 رنز بناپائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤدھی، ٹرینٹ بولٹ اور نیل ویگنر نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ نیوزی لینڈ کو میچ جیتنے کیلئے صرف 109 رنز کا ٹارگٹ ملا اور اوپنرز نے 56 رنز کا اچھا آغاز فراہم کر کے جیت کو یقینی بنا دیا۔ جیت راول کے آؤٹ ہونے کے بعد کولن دی گرینڈ ہوم کو میدان میں بھیجا گیا جنہوں نے چار چھکوں کی مدد سے صرف 15 گیندوں پر 33 رنز بنا کر 19ویں اوور میں ہی اپنی ٹیم کو فتح تک پہنچا دیا۔ میچ میں 9 وکٹ کی فتح کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ کی ٹیم نے سیریز میں 2-0 سے کلین سویپ بھی مکمل کر لیا۔ میچ میں آٹھ وکٹیں لینے پر ٹم ساؤدھی کو بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔