آکلینڈ۔29 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) نیوزی لینڈکرکٹ نے ڈے اینڈ نائٹ ٹسٹ میچ کروانے کا اعلان کردیا۔نیوزی لینڈکرکٹ کے مطابق ایڈن پارک میں ڈے اینڈ نائٹ ٹسٹ میچ کے لئے آکلینڈکونسل سے اجازت حاصل کرلی گئی ہے جو نیوزی لینڈ اورانگلینڈکے درمیان اگلے سال22 مارچ کو شروع ہوگا۔نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف آپریٹنگ آفیسر انتھونی کرومی کے مطابق اس میچ سے مزید لوگوں کو کرکٹ دیکھنے کا موقع ملے گا۔انہوں نے مزید کہا نیوزی لینڈ کرکٹ ہرشخص کی کرکٹ تک بہتر رسائی پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے اور ڈے اینڈ نائٹ ٹسٹ کا انعقاد درست سمت میں اہم پیش رفت ہے۔انگلینڈ کی ٹیم آئندہ سال نیوزی لینڈ کا دورہ کرے گی ، دورے کے دوران دو ٹسٹ میچ کھیلے جائیں گے جن میں سے ایک ڈے اینڈ نائٹ ہوگا۔واضح رہے کہ دنیا بھر میں اب تک 5 ڈے نائٹ ٹسٹ مقابلے کھیلے جاچکے ہیں۔ نومبر2015 میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان افتتاحی میچ سمیت 3 ٹسٹ آسٹریلیا میں کھیلے گئے جبکہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے ڈے نائٹ ٹسٹ کے تین دنوں میں 70ہزار ٹکٹ فروخت ہوئے۔ ،پاکستانی ٹیم نے بھی ویسٹ انڈیز کیخلاف یو اے ای میں اپنا پہلا ڈے اینڈ نائٹ ٹسٹ میچ کھیلا تھا اور اب اکتو بر میں دبئی میں سری لنکا کیخلاف اس طرز کا دوسرا میچ ہوگا۔