نیم پاگل کا ہاسٹل کی لڑکی پر حملہ ، حملہ آور گرفتار

حیدرآباد /18 مئی ( سیاست نیوز ) ایس آر نگر پولیس نے ایک نیم پاگل شخص کو گرفتار کرلیا جو خواتین کے ہاسٹل میں داخل ہوکر ایک لڑکی پر چاقو سے حملہ کردیا ۔ پولیس کے بموجب آج دوپہر ایس آر نگر علاقہ میں واقع ایک خانگی ویمن ہاسٹل میں 30 سالہ نیم پاگل شخص جس کی شناخت چیتنیا عرف کرن کی حیثیت سے کی گئی ہے نے وہاں مقیم 21 سالہ ممتا جو پیشہ سے آرکیٹکٹ ہے پر اچانک چاقو سے حملہ کرکے اسے زخمی کردیا ۔ اس حملے کے بعد ممتا چیخ و پکار کرنے لگی ۔ جس کے نتیجہ میں ہاسٹل میں مقیم دیگر لڑکیاں جمع ہوگئیں اور فوری پولیس کو طلب کرلیا گیا ۔ ایس آر نگر پولیس نے نیم پاگل شخص کو حراست میں لیکر پولیس اسٹیشن منتقل کیا اس کے قبضہ سے ایک چاقو برآمد کیا اور دوران تفتیش اس نے بتایا کہ وہ اپنے بھائی کی لڑکی سے ملاقات کیلئے ہاسٹل پہونچا تھا ۔ پولیس نے اس کے خلاف ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔