نیمر کامیاب،برازیل اور بلجیم کوارٹرفائنلز میں داخل

سمارا۔3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) فٹبال ورلڈکپ کے پری کوارٹر فائنل میں نیمر جونیئر کے شاندار کھیل کی بدولت برازیل نے میکسیکو کو 0۔2 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔سمارا میں کھیلے گئے ایونٹ کے پانچویں پری کوارٹر فائنل میچ کے پہلے ہاف کے ابتدائی 25 منٹ میکسکو کی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے برازیل کو مکمل دباؤ میں رکھا۔میچ کے ابتدائی حصے میں میکسکو کے عمدہ کھیل کے سبب برازیل کی ٹیم بمشکل ہی کوئی اچھی موو بنانے میں کامیاب رہی جبکہ میکسکو کی جانب سے حملوں کا سلسلہ جاری رہا۔پہلے ہاف کے آخری حصے میں برازیل کی ٹیم نے میکسکو کو دباؤ میں لینا شروع کیا لیکن متعدد حملوں کے باوجود بھی دونوں ٹیمیں کوئی بھی گول اسکور کرنے میں کامیاب نہ ہو سکیں۔دوسرے ہاف کے آغاز میں ہی برازیل نے جارحانہ کھیل سے اپنے عزائم ظاہر کردیے اور کھیل کے 51ویں منٹ میں نیمر جونیئر نے عمدہ موو بنا کر ولین کو پاس دیا اور ان کے کراس پر نیمر نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔میکسکو کی ٹیم نے اس کے بعد گول کرنے کی متعدد کوششیں کی اور انہیں مقابلہ برابر کرنے کے چند نادر مواقع بھی ملے لیکن وہ ان سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے۔میکسکو کے گول کیپر گوئلرمو اوچاؤ نے میچ میں بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے برازیل کے حملوں اور کئی یقینی گولوں کو بچایا لیکن دفاعی کھلاڑیوں کے ناقص کھیل کے سبب وہ اپنی ٹیم کو ایک اور گول سے نہ بچا سکے۔کھیل کے 88ویں منٹ میں نیمر جونیئر نے ایک اور شاندار موو بناتے ہوئے فرمینو کو کراس دیا جنہوں نے گیند کو گول میں پہنچا کر اپنی ٹیم کی برتری کو دگنا کرنے کے ساتھ برازیل کی اگلے راؤنڈ میں رسائی پر مہر ثبت کردی۔برازیل نے میچ میں 0۔2 سے فتح حاصل کرتے ہوئے کوارٹر فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کر لیا جبکہ میکسکو کا عالمی کپ میں سفر تمام ہوا۔ایک اور مقابلے میں شاندار کھیل کے باوجود جاپان کو 2-3 شکست برداشت کرنی پڑی اور بلجیم کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا جہاں اس کا مقابلہ برازیل سے ہو گا۔ میچ میں بلجیئم نے شروع سے ہی جارحانہ انداز اپنایا جبکہ خلاف توقع جاپان کی ٹیم نے بھی بھرپورکھیل پیش کیا۔دونوں ٹیموں خصوصاً بلجیئم کی ٹیم کو گول کرنے کے متعدد مواقع ملے لیکن دونوں ہی ٹیمیں کوئی گول اسکور کرنے میں کامیاب نہ ہو سکیں۔میچ کے پہلے ہاف میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر تھا لیکن دوسرے ہاف کے آغاز میں ہی جاپان کے گینکی ہراگوچی نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ابھی بلجیئم کی ٹیم اس حملے کے صدمے سے نکلی بھی نہ تھی کہ میچ کے 52ویں منٹ میں تکاشی انوئی نے خوبصورت ہٹ لگا کر گیند کو گول میں پہنچا دیا۔دوسری جانب بیلجیئم کی ٹیم نے تابڑ توڑ حملے شروع کر دیے لیکن انہیں اگلے 15منٹ تک کوئی بھی کامیابی نہ مل سکی۔اس دوران ہی بلجیئم کی ٹیم نے ایک ساتھ دو تبدیلیاں کرتے ہوئے فلینی اور ناصر چیڈلی کو میدان میں اتاراور بلجیئم نے منظم حملے شروع کردیے۔دریں اثناء ایک حملے میں بلجیئم کے گول کیپر نے گیند کو کلیئر کیا لیکن دوسری جانب گول سے کافی دور موجود ورٹونگن نے ہیڈر پر شاندار گول کر کے خسارہ کم کردیا۔بلجیئم نے حملوں کا سلسلہ جاری رکھا اور انہیں دوسری کامیابی 5منٹ بعد ہی اس وقت ملی۔