نیمر نے برازیل کی قیادت چھوڑدی

ریو ڈی جنیرو۔24 اگست (سیاست ڈاٹ کام) برازیل کے اسٹار کھلاڑی نیمر جونیئر نے ریو اولمپک گیمز 2016 میں میزبان ملک کو فٹبال ایونٹ میں گولڈ میڈل جتوانے کے بعد اپنی ٹیم کی کپتانی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ چیمپئن بن چکے ہیں اور کپتانی کسی دوسرے کے حوالے کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کیلئے کپتانی ایک اعزاز ہے تاہم اب وہ مزید اس منصب پر نہیں رہنا چاہتے اور اس حوالے سے کوچ ٹیٹ کو پیغام ارسال کردیا ہے کہ وہ کسی دوسرے کھلاڑی کو کپتان مقررکردیں۔یادرہے کہ اولمپکس کے مینز فٹبال فائنل میں میزبان برازیل نے جرمنی کو شکست دی۔ میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آوٹس پر ہوا۔اولمپکس میں گولڈ میڈل کیلئے کھیلے گئے فائنل میں برازیل اور جرمنی کا میچ مقررہ وقت میں 1-1 گول سے برابر رہا تھا۔ میچ میں بعد میں اضافی وقت دیا گیا، جس کے بعد بھی میچ برابر رہنے پر میچ کا فیصلہ کرنے کے لئے پنالٹی شوٹس کی گئیں۔