ری ڈیو جنیرو۔11 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) برازیل کے اسٹار اسٹرائیکر نیمر ورلڈ کپ فٹبال کے فائنل میں ارجنٹینا کی جیت کے خواہش مند ہیں۔ پریس کانفرنس میں نیمر نے کہا کہ جرمنی سے بدترین شکست کے باوجود ٹیم پر ناز ہے انہوں نے کہا کہ وہ فائنل میں اپنے کلب بارسلونا کے ساتھی اور ارجنٹینا کے کپتان میسی کی حمایت کریں گے۔ ان کی خواہش ہے کہ ارجنٹینا جرمنی کو شکست دے کر ورلڈ کپ جیت لے ۔نیمر نے کہا کہ میسی نے فٹ بال میں کئی اعزاز حاصل کئے ہیں اور اْن کی نیک خواہشات میسی کے ساتھ ہیں۔کولمبیا کے خلاف کوارٹر فائنل میں زخمی ہو کر ایونٹ سے باہر ہونے والے نیمر نے کہا کہ وہ کولمبیا کے ڈیفینڈر زونیگا سے کوئی شکایت نہیں ہے کیونکہ زونیگا نے اگلے دن ہی انہیں فون کرکے معافی مانگی تھی جو انہوں نے قبول کرلی ہے۔