نیمرکارونالڈوکی ٹیم میڈررکو انتباہ

دوحہ۔23 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام)فرانسیسی فٹبال کلب پیرس سینٹ جرمین کے برازیلی کھلاڑی نیمر جونیئر نے چیمپیئنز لیگ کی دفاعی چیمپیئن رئیل میڈرڈ کو خبردار کیا ہے کہ کرسٹیانو رونالڈو اور ان کی ٹیم تیار رہے کیونکہ اس مرتبہ پی ایس جی لیگ میں نئی تاریخ رقم کرے گی۔ چیمپیئنز لیگ کے ناک آوٹ راونڈ کے ڈراز کے نتیجے میں رئیل میڈرڈ اور پی ایس جی کا مقابلہ ہو نے والا ہے۔ فرانسیسی کلب نے یہی خطاب جیتنے کی کوشش کے طور پر نیمر کو ہسپانوی کلب بارسلونا سے حاصل کرنے کے لئے 196ملین پاونڈ کا ریکار ڈ سودا کیا ہے۔نیمر بھی اپنی اس منتقلی کو کلب کے لئے نتیجہ خیز بنانے کے خواہاں ہیں اور ان کا یہ انتباہ اسی سلسلے کی کڑی ہے۔نیمرنے مزید کہا کہ ہم رئیل میڈرڈ کو نیچا دکھا سکتے ہیں اور پہلی مرتبہ لیگ خطاب جیت کر تاریخ رقم کرنے کی ہر ممکن کوشش کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔نیمر نے اس بات پر زور دیا کہ فرنچ لیگ کا کلب چیمپیئنز لیگ کے دفاعی چیمپیئن کو اس سیزن میں اعزاز سے محروم کر سکتا ہے۔ٹیم کے تربیتی کیمپ کے دوران برازیلی اسٹرائیکر نے کہا کہ جب ہمارا مقابلہ ہوگا تو ہم یقینی طور نئی تاریخ رقم کرنے میدان میں اتریں گے۔نیمر نے اعتراف کیا کہ یہ مشکل میچ ہوگا۔ رئیل میڈرڈ کے کھلا ڑی برسوں سے ایک ساتھ کھیل رہے ہیں اور مسلسل تیسری مرتبہ لیگ خطاب جیتنے کیلئے کوئی کوشش کریں گے لیکن ہم بھی ہر قسم کی صورتحال کا سامنا کرنے کا عزم کئے ہوئے ہیں۔