نیالکل میں طالبہ کی خودکشی ڈیم سے نعش دستیاب

نیالکل۔/18فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نیالکل مستقر میں گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیرآباد کی 21سالہ مونیکا نامی طالبہ نے پانچ دن قبل پولکوتی مانجرا ڈیم احاطہ راگھو پور میں چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی تھی۔ آج ڈیم سے نعش برآمد کی گئی۔ پوسٹ مارٹم کے لئے نعش کو گورنمنٹ ایریا ہاسپٹل ظہیرآباد منتقل کیا گیا۔ ایس آئی لاوا کمار نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ پوسٹ مارٹم میں یہ وضاحت کی گئی کہ مونیکا کافی عرصہ سے درد شکم میں مبتلا تھی۔ علاج کرانے کے باوجود کوئی کمی نہیں ہوئی۔ درد شکم سے تاب نہ لاکر مونیکا نے خودکشی کرلی۔ انہوں نے کہا کہ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ کے بعد مکمل تفصیلات کا علم ہوگا۔ پولیس نے اس ضمن میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ واضح رہے کہ اس طرح کا نیالکل منڈل میں تیسرا واقعہ ہے۔ قبل ازیں بھی اسی طرح کا واقعہ رونما ہوا تھا۔ گورنمنٹ ہاسپٹل نیالکل میں مریضوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ مریضوں کو ڈاکٹرس بیدر یا حیدرآباد جانے کا مشورہ دے رہے ہیں جس سے مریضوں کو سخت مشکلات ہورہی ہیں۔

بودھن میں قفل شکنی کے ذریعہ
سرقہ کا واقعہ
بودھن۔/18فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بودھن شہر کی اہم سڑک پر واقع چار دکانات میں گزشتہ پیر منگل کی درمیانی شب رات ایک تا 2بجے کے درمیان قفل شکنی کے ذریعہ سرقہ کی واردات پیش آئی۔ دکان میں موجود سی سی کیمرے میں چور کی تصاویر کیمرے میں محفوظ ہوگئی۔ سارق چہرے پر ڈھاٹا باندھے ہوئے تھا۔ سارق نے جن چار دکانات میں سرقہ کیا وہاں نمایاں مقامات پر اوم اور انگریزی میں اے کا نشان بناتے ہوئے پولیس کو چیلنج کیا۔ اس طرح فلمی انداز میں سرقہ کرنے والے سارق کو گرفتار کرکے بودھن پولیس سرگرم ہے۔