مناتو / چھترا ( جھارکھنڈ ) 17 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) یہ واضح کرتے ہوئے کہ نکسلائیٹس تشدد کے نتیجہ میں جھارکھنڈ کی ترقی متاثر ہوئی ہے بی جے پی نے آج تخریب کاروں سے کہا کہ وہ تشدد ترک کردیں اور ریاست کو آگے بڑھانے قومی دھارے میں شامل ہوجائیں ۔ ریاست میں اسمبلی انتخابات سے قبل یہاں کئی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ و سینئر بی جے پی لیڈر راج ناتھ سنگھ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جھارکھنڈ کے مستقبل کیلئے ووٹ دیں۔ اور بی جے پی کو واضح اکثریت فراہم کریں۔ تشدد سے متاثرہ چھترا اور پلامو اضلاع میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے نکسلائیٹس سے کہا کہ آپ کو تشدد ترک کرتے ہوئے قومی دھارے میں شامل ہونا ہوگا ۔ آج ہو یا کل ‘ وہ وقت ضرور آئیگا کہ آپ کو تشدد ترک کرنا ہوگا ۔ ایسا چلنے والا نہیں ہے ۔ اس علاقہ کو ترقی کرنا ہے ۔ راج ناتھ سنگھ کے بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر رائے بھی تھے ۔ انہوں نے کانگریس اور جھارکھنڈ مکتی مورچہ اور دوسری جماعتوں پر تنقید کی اور کہا کہ انہیں نے ترقی کے معاملہ میں جھارکھنڈ کو کئی برس پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔ انہوں نے غیر بی جے پی حکومتوں پر زبردست کرپشن کا الزام عائد کیا اور کہا کہ وہ ریاست میں بے شمار قدرتی وسائل کے باوجود اسے ترقی نہیں دلا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ چاہے یہ کانگریس ہو یا جھارکھنڈ مکتی مورچہ ہو سبھی کرپشن میں ملوث رہے ہیں اور انہوں نے جھارکھنڈ کو ترقی کرنے کا موقع فراہم نہیں کیا حالانکہ یہ ریاست قدرتی وسائل سے مالا مال ہے ۔ عوام کو ان جماعتوں سے کرپشن سے متعلق سوال کرنا چاہئے ۔ وزیر داخلہ نے ادعا کیا کہ رپورٹس ہیں کہ نکسلائیٹس انتخابی عمل کو متاثر کرسکتے ہیں تاہم انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بلا خوف ووٹ کا استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہے ۔ یہاں نہ برقی ہے ‘ نہ پانی ہے اور نہ ترقی ہے ۔ ترقی کو یقینی بنانے نکسلائیٹس کو تشدد ترک کرنا چاہئے ۔