نڈال ‘ مرے ‘ فیڈرر اور ڈیل پوٹرو ایک ہی گروپ میں شامل

جوکووچ کیلئے چوتھے خطاب کی راہ آسان
نڈال کو پہلے ہی راؤنڈ سے سخت حریف کا سامنا
سیزن کے پہلے گرانڈ سلام آسٹریلین اوپن کا پیر کو آغاز
ملبورن۔10جنوری ( سیاست ڈاٹ کام )تین مرتبہ کے دفاعی چمپئن سربیائی ٹینس اسٹارنواک جوکووچ کیلئے چوتھی مرتبہ آسٹریلین اوپن خطاب حاصل کرنے کیلئے ایک آسان راہ دستیاب ہوئی ہے ‘ کیونکہ ان کی راہ میں اہم رکاوٹ تصور کئے جانے والے کھلاری رافل نڈال ‘ اینڈی مرے ‘ یان مارٹن ڈیل پوٹرو اور 17مرتبہ کے گرانڈ سلام چمپئن راجر فیڈرر ایک ہی گروپ میں شامل کئے گئے ہیں ۔

جوکووچ کے نئے کوچ اور 6مرتبہ کے گرانڈ سلام چمپئنس بورس بیکرس نے سیزن کے پہلے گرانڈ سلام آسٹریلین اوپن کے ڈرا میں شرکت کی اور کہا کہ ان کے کھلاڑی جوکووچ کے علاوہ نڈال اور فیڈرر خطاب کیلئے پسندیدہ کھلاڑی ہیں ۔ ڈرا سے قبل آسٹریلین اوپن ٹرافیز کے ساتھ لی جانے والی تصویر کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے دفاعی چمپئن جوکووچ نے کہا کہ ٹرافی تھامے ہوئے انہیں خوشگوار احساس ہورہا ہے اور انہیں امید ہے کہ چوتھی مرتبہ وہ خطاب حاصل کرنے میں کامیاب رہیں گے ۔

ملبورن پارک میں متواتر 24 مقابلوں سے ناقابل تسخیر رہنے والے جوکووچ اپنے چوتھے خطاب کی مہم کا یہاں آغاز عالمی درجہ بندی میں 90ویں مقام پر فائز لوکاز لاکو کے خلاف کریں گے اور اُمید ہے کہ کوارٹر فائنل میں ان کا مقابلہ سوئیٹزرلینڈ کے اسٹانسلس ووارنکا سے ہوگا ۔ جیسا کہ گذشتہ برس منعقدہ مقابلے میں جوکووچ کو اپنے اس حریف کھلاڑی کے خلاف کامیابی حاصل کرنے کیلئے پانچ سیٹوں پر مشتمل سخت ترین مقابلے کے علاوہ پانچویں سیٹ میں 12-10 کی جدوجہد بھی کرنی پڑی تھی۔ ایک اور گروپ میں عالمی نمبر تین ڈیوڈ فیرر کے ہمراہ درجہ بندی میں ساتویں مقام پر فائز ٹامس برڈک بھی شامل ہیں جن کے خلاف آکلینڈ کے سیمی فائنل میں فیرر کو شکست ہوئی تھی ۔ جوکووچ نے ڈرا پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کیلئے چوتھے خطاب کے ح صول کیلئے ایک آسان راہ ہے کیونکہ ٹورنمنٹ کے ابتدائی مراحل میں انہیں خطاب کے پسندیدہ دیگر کھلاڑیوں کا سامنا نہیں رہے گا ۔

عالمی نمبر ایک رافل نڈال جنہیں 2014ء سیزن کے پہلے گرانڈ سلام آسٹریلین اوپن میں سرفہرست کھلاڑی کا اعزاز حاصل ہوا ہے لیکن ان کے لئے خطاب کی راہ انتہائی مشکل ترین ہے ۔ چونکہ پہلے راؤنڈمیں ان کا مقابلہ آسٹریلیا کی امیدوں کے محور 21سالہ کھلاڑی برنارڈ ٹامک سے ہوگا جب کہ دوسرے راؤنڈ میں 17سال کے باصلاحیت اور ابھرتے ٹینس تھاناسی کوکیناکس سے ہوگا جبکہ ممکن ہے کہ چوتھے راؤنڈ میں ان کے حریف آسٹریلیا کے سینئر کھلاڑی للیٹن ہیوٹ ہوں گے جنہوں نے گذشتہ ہفتہ برسبین انٹرنیشنل کے خطابی مقابلے میں راجر فیڈرر کو شکست دی ہے ۔ 2009ء کے چمپئن نڈال جو کہ گذشتہ برس زخمی ہونے کی وجہ سے ٹورنمنٹ میں شرکت نہیں کی تھی ‘ ان کیلئے کوارٹر فائنل میں یان مارٹن ڈیل پوٹرو کا چیالنج اور سیمی فائنل میں متوقع حریف راجر فیڈرر ہوں گے ۔