نڈال کی میامی اوپن میں پیشقدمی ، فیڈرر توجہ کا مرکز

میامی ۔25 مارچ۔(سیاست ڈاٹ کام) سیزن کے دوسرے ماسٹر سیریز ٹورنمنٹ میں سابق عالمی نمبر ایک رفائیل نڈال نے دوسرے مرحلے کے مقابلے میں حریف اسرائیلی کھلاڑی دودی سیلا کو شکست دیتے ہوئے اپنی پیشقدمی جاری رکھی ہے ، جبکہ کائی نشی کوری اور کینیڈا کے میلوز رانک نے بھی آسان فتوحات کے ذریعہ تیسرے مرحلے میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ مقامی شائقین کی جانب سے ملنے والی مکمل حمایت کے دوران نڈال نے 83 ویں درجہ پر فائز سیلا کو راست سیٹوں میں بہ آسانی 6-3 ، 6-4 سے شکست دی ۔ نڈال کو کامیابی کے لئے صرف ایک گھنٹہ 20 منٹ کی جدوجہد کرنی پڑی ۔ ٹورنمنٹ میں دوسرا مقام رکھنے والے نشی کوری نے تیز سرویس کیلئے مشہور اپنے حریف کھلاڑی کیون اینڈرسن کو 6-4، 6-3 سے شکست دی اور اگلے مرحلے میں ان کا مقابلہ فرنانڈوورڈاسکو سے ہوگا ۔ علاوہ ازیں راؤنک نے سربیا کے وکٹر ٹروسکی کو راست سٹوں میں 6-3، 7-5 سے شکست دی ۔ دریں اثناء میامی اوپن میں پھر ایک مرتبہ آسٹریلین اوپن چمپیئن راجر فیڈرر توجہ کا مرکز ہوں گے جنھوں نے سیزن کے پہلے گرانڈ سلام کے بعد پہلی ماسٹر سیریز انڈین ویلز میں حاصل کی ہے ۔