بارسلونا ۔ 26 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) رواں سیزن کے دوسرے گرانڈ سلام فرنچ اوپن کے آغاز میں اب جبکہ چند دن ہی باقی ہیں اور گرانڈ سلام خطابات میں عالمی ریکارڈ یافتہ سابق عالمی نمبر ایک راجر فیڈرر نے 9 مرتبہ فرنچ اوپن چمپیئن رہنے والے سابق عالمی نمبر ایک رافل نڈال کو پھر ایک مرتبہ خطاب کیلئے پسندیدہ کھلاڑی قرار دیا ہے ۔ بارسلونہ میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں فیڈرر کے خیالات کو گوگل ٹرانسلیشن کے ذریعہ اطالوی زبان میں منتقل کیا جارہا تھا ، اس دوران فیڈرر نے کہا کہ نڈال ایک ایسے کھلاڑی ہیں جنھوں نے 9 مرتبہ پیرس میں فرنچ اوپن حاصل کرنے کے علاوہ 9 مرتبہ مونٹی کارلو میں خطابات حاصل کئے اور ایک طویل عرصہ تک پہلے مقام پر فائز رہے لہذا آپ صحافی مایوس ہوجاتے ہیں جبکہ ایک باصلاحیت کھلاڑی کبھی مایوس نہیں ہوتا اور مجھے اُمید ہے کہ فرنچ اوپن میں نڈال کو شکست دینا حریف کھلاڑیوں کیلئے پھر ایک مرتبہ آسان نہیں ہوگا ۔ فیڈرر نے کہاکہ گرانڈ سلام میں اور خاص کر جب وہ کلے کورٹ پر کھیلا جائے تو نڈال ابتدائی تین کھلاڑیوں میں موجود رہتے ہیں جنھیں خطاب کیلئے پسندیدہ موقف حاصل ہوتا ہے ۔ نڈال جنھوں نے رواں ہفتے بارسلونا میں خطاب حاصل کرتے ہوئے فرنچ اوپن سے قبل اپنے حریف کھلاڑیوں کو ایک سخت پیغام دیا ہے کہ انھیں خطاب کیلئے پسندیدہ کھلاڑیوں سے باہر نہ سمجھا جائے ۔ فیڈرر نے کہا ہے کہ فرنچ اوپن میں پھر ایک مرتبہ نڈال وہ کھلاڑی ہوں گے جنھیں شکست دینا آسان نہیں ہوگا۔ ان کے علاوہ عالمی نمبر ایک نواک جوکووچ جو یہاں ہنوز اپنے پہلے خطاب کا تعاقب کررہے ہیں شائد انھیں بھی خطاب کیلئے پسندیدہ قرار دیا جارہا ہے لیکن اس کے باوجود نڈال ، نڈال ہی ہیں۔