بارسلونا۔5 فبروری (سیاست ڈاٹ کام ) عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار رافل نڈال اور اسٹار فٹبالر زاوی ہرنانڈیز نے اسپینی کھیلوں میں بہترین کارکردگی پر ایوارڈز جیت لیے۔ اسپین کے شہر بارسلونا میں اسٹار کھلاڑیوں کو خصوصی اعزازات سے نوازا گیا۔ عالمی نمبر ایک نڈال کو ٹینس کی دنیا میں بہترین مظاہروں پر ایوارڈ دیا گیا۔ بارکا فٹبال ٹیم کے اسٹار مڈفیلڈر زاوی ہرنانڈیز کو بھی کھیل میں غیر معمولی کارناموں پر ایوارڈ دیا گیا۔ زاوی نے بارکا فٹبال ٹیم کی جانب سے 700 میچوں میں شاندار مظاہرے کئے ہیں۔2013 اسپینش ایتھلیٹ کا ایوارڈتیراک ماریا بلامونٹے نے حاصل کیا۔سابق اسٹار فٹبالر ٹیٹو ویلانووا کو بھی فٹبال میں یادگار کار کردگی دکھانے پر خصوصی انعام سے نوازا گیا۔ جنوبی افریقہ رگبی ٹیم کے سابق اسٹار کھلاڑی فرینکوئس پینار کو بھی خصوصی ایوارڈ پیش کیا گیا۔2013ء میں شاندار مظاہرے کرنے والے نڈال 2014ء میں بھی آسٹریلین اوپن خطاب کے قریب پہونچ چکے تھے تاہم انہیں فائنل میں سوئٹزر لینڈ کے واؤرنکا کے خلاف شکست ہوئی۔