نڈال ریکارڈ 11 ویں بار بنے مونٹی کارلو ماسٹر، کلے کورٹ پر بادشاہت برقرار

 

مونٹی کارلو، 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) عالمی نمبر ایک کھلاڑی اسپین کے رافیل نڈال نے کلے کورٹ پر اپنی بادشاہت پھر ثابت کرتے ہوئے جاپان کے کائی نشیکوری کو شکست دے کر ریکارڈ 11 ویں بار مونٹی کارلو ماسٹرز ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ٹاپ سیڈ نڈال نے فرانسیسی اوپن سے ٹھیک پہلے کلے کورٹ خطاب جیت کر ایک بار پھر خود کو خطاب کا مضبوط دعویدار ثابت کر دیا ہے جہاں وہ ریکارڈ 10 بار کے چمپئن ہیں۔اسپینی کھلاڑی نے مرد سنگلز فائنل میں جاپانی کھلاڑی نشیکوری کو مسلسل سیٹوں میں 6۔3 ،6۔2 سے آسانی سے شکست دی۔نڈال نے جہاں مونٹی کارلو میں اپنا 11 واں ٹائٹل جیت لیا ہے وہیں وہ اس بار رولا ں گیروں میں بھی 11 ویں خطاب کیلئے اتریں گے ۔انہوں نے نشیکوری کے خلاف میچ میں ایک گھنٹے 33 منٹ میں مسلسل سیٹوں میں جیت درج کی اور اسی کے ساتھ کلے کورٹ پر مسلسل 36 سیٹ جیتنے کا ریکارڈ بھی بنا لیا۔ اسپینی کھلاڑی کا یہ ریکارڈ 31 واں ماسٹرز خطاب بھی ہے اور اسی کے ساتھ انہوں نے روایتی حریف راجر فیڈرر کو نمبر ون بننے سے محروم کرتے ہوئے اپنی ٹاپ رینکنگ پر قبضہ مضبوط کر لیا۔جنوری میں آسٹریلین اوپن کوارٹر فائنل میں پہنچنے کے بعد ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر باہر ہوئے نڈال نے اسی مہینے ڈیوس کپ سے واپسی کی ہے ۔وہ پاؤں کی چوٹ کا شکار رہے تھے ۔انہوں نے جیت کے بعد کہا کہ میں اپنے خاندان اور تمام ٹیم کے ساتھیوں کو شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔گزشتہ پانچ ماہ چوٹ کی وجہ سے میرا وقت بہت مشکل رہا تھا۔لیکن واپسی کرنا اور ٹرافی جیتنا ہمیشہ ہی خاص ہوتا ہے ۔میرے لئے یہ ایک بہت اہم ٹورنامنٹ ہے ۔جاپان کے نشیکوری کو گزشتہ سال کلائی کی چوٹ کی وجہ سے سیزن کا کافی بڑا حصہ کھیل سے دور رہنا پڑا تھا۔انہوں نے موناکو میں تیز دھوپ کے درمیان میچ میں اچھی شروعات کی اور مسلسل چار گیم جیتے لیکن پھر 31سالہ حریف کھلاڑی نے انہیں واپسی نہیں کرنے دی۔نڈال نے اوپننگ سٹ اپنے بہترین فورہینڈ سے جیتا جبکہ دوسرے سیٹ میں ہاتھ آئے دو بریک پوائنٹس کو بھناتے ہوئے میچ اور خطاب اپنے نام کر لیا۔لیکن شکست کے باوجود دنیا کے36 ویں نمبر کے کھلاڑی نشیکوری نے فائنل تک پہنچ کر اپنی فٹنس ثابت کی۔ نڈال اور نشیکوری اب دوشنبہ کو شروع ہونے والے بارسلونا اوپن میں کھیلنے اتریں گے ۔