پیرس ۔ 7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اسپین کے رافیل نڈال اور امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمس ٹینس کی تازہ ترین عالمی درجہ بندی میں بدستور پہلے مقام پر فائز ہیں۔ سربیا کے نواک جوکوچ، اسپین کے ڈیوڈ فیرر، تیسرے اور انگلینڈ کے اینڈی مرے چوتھے مقام پر موجود ہیں۔ سوئس اسٹار راجرفیڈرر کی عالمی درجہ بندی میں بہتری نہیں آسکی اور وہ چھٹے مقام پر ہیں۔ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی طرف سے جاری کردہ عالمی درجہ بندی میں مردوں میں نڈال پہلے، سربیا کے جوکووچ دوسرے، اسپین کی ڈیوڈ فیرر تیسرے نمبر پر ہیں۔ انگلینڈ کے اینڈی مرے چوتھے، ارجنٹینا کے یان مارٹن ڈیل پوٹرو پانچویں سویٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر چھٹے، چیک جمہوریہ کے ٹامس برڈک ساتویں، سوئٹزرلینڈ کے اسٹانسلس واورینکا آٹھویں، فرانس کے راچرڈ گیسکٹ نویں اور فرانس کے جوویلفریڈ سونگا دسویں نمبر پر ہیں۔ خواتین میں امریکہ کی سرینا ولیمس برسبین ٹینس کا خطاب جیتنے کے بعد بدستور پہلے مقام پر موجود ہیں۔ بیلاروس کی وکٹوریا آزارینکا دوسرے، روس کی ماریا شاراپوا تیسرے نمبر پر ہیں۔ چین کی لی نا چوتھے، پولینڈ کی آگنیسزکا راڈونسکا پانچویں، چیک جمہوریائی پیٹرا کویٹوا چھٹے، اٹلی کی سارا ایرانی ساتویں، سربیا کی یلینا یانکووچ آٹھویں، جرمنی کی انجیلک کربر نویں، ڈنمارک کی کیرولین وزنیاکی دسویں نمبر پر ہیں۔
اولمپینس کیلئے ہاکی انڈیا کی کامپلیمنٹری ٹکٹیں
نئی دہلی ۔ 7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہاکی انڈیا نے یہاں 10 تا 18 جنوری کو منعقد شدنی ہیرو ہاکی ورلڈ لیگ فائنل کے ضمن میں اولمپیئنس اور بین الاقوامی کھلاڑیوں کیلئے کامپلیمنٹری ٹکٹیں فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ میجر دھیان چند نیشنل اسٹیڈیم میں منعقد شدنی اس ٹورنمنٹ میں 8 ممالک کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔ سابق کھلاڑیوں سے اپیل کی گئی ہیکہ وہ ہاکی انڈیا کے سلیکٹر اجیت پال سنگھ اور آر پی سنگھ سے رابطہ کرتے ہوئے اپنی ٹکٹیں حاصل کریں۔ ہاکی انڈیا کے سکریٹری جنرل نریندر بترا نے کہا کہ یہ ان کیلئے اعزاز سے کم نہیں کہ وہ اولمپینس اور بین الاقوامی کھلاڑیوں کو یہاں مدعو کرتے کریں اور دنیا کی بہترین ٹیموں کو ایکشن میں دیکھنے کا انہیں موقع فراہم کرے۔ انہوں نے مزید کہاکہ سابق اولمپیئنس اور کھلاڑیوں کی موجودگی ٹورنمنٹ کے منتظمین اور مختلف ٹیموں کے کھلاڑیوں کیلئے حوصلہ افزاء اقدام ہوگا۔