فورو اٹالیکو۔17 مئی (سیاست ڈاٹ کام)اٹلی کے شہر روم میں جاری اٹالین اوپن ٹینس ٹورنمنٹ کے ویمنز سنگل مقابلوں میں سیمونا ہالیپ اور کیرولین ووزنیاکی کامیاب پیش قدمی کرتی ہوئی پری کوارٹر فائنل میں جا پہنچیں تاہم نمبر چھ سیڈ کیرولینا پلسکووا کو حیران کن شکست کا سامنا کرنا پڑا۔منز سنگلز مقابلوں میں رافل نڈال اور نواک جوکووچ نے 16راؤنڈ میں رسائی حاصل کرلی لیکن نمبر تین سیڈ گریگور ڈیمتروف کا سفر ختم ہو گیا۔ اٹالین اوپن کے ویمنز سنگل لاسٹ 32 راؤنڈ میں ٹاپ سیڈ رومانیہ کی سیمونا ہالیپ نے جاپان کی ناؤمی اوساکا کو 6-1 اور 6-0 سے مات دی جبکہ نمبر دو سیڈ ڈنمارک کی کیرولین ووزنیاکی نے بلجیم کی الیسن فان اٹوانک کیخلاف 6-1 اور 6-4 سے میدان مار لیا اور پری کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی ہوئی لیکن نمبر چھ سیڈ کیرولینا پلسکووا کو یونان کی ماریا سکاری نے 3-6، 6-3 اور 7-5 سے شکست دے کر سب کو حیران کردیا۔ اسی مرحلے کے دیگر میچوں میں کامیابی کے بعد نمبر آٹھ سیڈ امریکہ کی وینس ولیمز،نمبر گیارہ سیڈ جرمنی کی اینجلیک کیربر، نمبر پندرہ سیڈ لیٹویا کی اناستاسیا سیواسٹووا، برطانیہ کی جوہانا کونٹا،ایسٹونیا کی انیٹ کونٹاویٹ، نمبر تیرہ سیڈ امریکہ کی میڈیسن کیز، نمبر چودہ سیڈ روس کی ڈاریا کساٹکینا،نمبر سات سیڈ فرانس کی کیرولین گارشیا،نمبر نو سیڈ امریکہ کی سلون اسٹیفنز اور روس کی ماریا شاراپوا بھی لاسٹ 16 راؤنڈ میں پہنچ گئیں۔ منز سنگل لاسٹ 32 مرحلے میں سرفہرست رافل نڈال نے بوسنیا کے دامیر زومہور کو 6-1 اور 6-0 اور نمبر گیارہ سیڈ سربیا کے نواک جوکووچ نے جارجیا کے نکولوز باسیلاشویلی کو 6-4 اور 6-2 سے مات دے کر پری کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔