حیدرآباد 22 اکٹوبر (سیاست نیوز) نامپلی کریمنل کورٹ کے میٹرو پولیٹن سیشن جج نے ہیرا گولڈ گروپ کی منیجنگ ڈائرکٹر نوہیرہ شیخ کو پولیس تحویل میں دینے کے فیصلہ کو کل تک کے لئے ملتوی کردیا۔ گرفتار ملزمہ کے وکیل ونیت دھندا نے سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) پولیس کی جانب سے داخل کی گئی پولیس تحویل کی درخواست کی سخت مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ پولیس اُن کی موکل کو بیجا مقدمات میں ماخوذ کیا ہے جبکہ کسی سرمایہ کار کو دھوکہ نہیں دیا گیا۔ وکیل دفاع نے اپنی بحث میں کہاکہ پولیس نے جس انداز میں نوہیرا شیخ کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے اُنھیں فی الفور گرفتار کرلیا اِس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ اُس کے پس پردہ سیاسی مقاصد کارفرما ہیں اور پولیس پر مسلسل دباؤ ڈالا جارہا ہے۔ ونیت دھندا نے عدالت کو یہ تیقن دیا کہ کسی بھی سرمایہ دار کو دھوکہ دینے کا مقصد نہیں ہے بلکہ یہ کاروبار شفافیت کے ساتھ کیا جارہا ہے۔ پبلک پراسکیوٹر نے وکیل دفاع کے دعوے پر اعتراض کرتے ہوئے کہاکہ سی سی ایس پولیس میں کئی متاثرین رجوع ہوئے ہیں جنھیں ہیرا گولڈ گروپ کی منیجنگ ڈائرکٹر نے منافع دینے کے بہانے اُنھیں دھوکہ دیا ہے اور گزشتہ چار ماہ سے منافع کی رقم ادا کرنے سے قاصر ہے۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو یہ بتایا کہ ہیرا گولڈ گروپ کی مشتبہ سرگرمیوں سے سرمایہ داروں میں بے چینی پائی جاتی ہے چونکہ وہ دھوکہ دہی کا شکار ہوئے ہیں۔ میٹرو پولیٹن سیشن جج نے سرکاری وکیل اور وکیل دفاع کی بحث کی سماعت کے بعد سی سی ایس کی درخواست پر کل دوبارہ بحث سننے کا فیصلہ کیا۔ اسی دوران نوہیرہ شیخ نے عدالت میں درخواست ضمانت بھی داخل کی ہے اور اِس کی سماعت بھی کی جائے گی۔