حیدرآباد ۔ /4 جولائی (سیاست نیوز) سلطان بازار میٹرنیٹی نرسنگ ہاسپٹل سے 6 دن کی نومولود بچی کے اغواء کے واقعہ میں ملوث اغواء کنندکار خاتون کو ٹاسک فورس پولیس نے کرناٹک کے ضلع بیدر میں گرفتار کرلیا ۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا ہے کہ خاتون لاولد ہے اور شوہر کی جانب سے اولاد کیلئے دباؤ میں اضافہ ہونے کے نتیجہ میں اس نے نومولود کو اغواء کرنے کا منصوبہ کیا تھا ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ سلطان بازار میٹرنیٹی ہاسپٹل سے وجیانامی خاتون کی نومولود بچی کو ٹیکہ دلانے کے بہانے خاتون نے اس کا اغواء کرلیا تھا اور بعد ازاں وہ اپنے آبائی مقام بیدر منتقل کیا تھا ۔ تحقیقات میں یہ معلوم ہوا ہے کہ اغواء کنندکار خاتون اولاد کیلئے خواہشمند تھی اور سابق میں دومرتبہ اس کا اسقاط حمل ہوا تھا اور بعد ازاں ڈاکٹروں نے اس بات کی توثیق کی کہ وہ آئندہ کبھی بھی ماں نہیں بن سکتی ۔ ذرائع نے بتایا کہ خاتون نے میٹرنیٹی ہاسپٹل کے بعض ملازمین سے دوستی کی اور وہاں پر آئے دن گھومتے ہوئے نومولود بچی کو نشانہ بنانے کے انتظار میں تھی ۔ اس نے وجیا کی بچی کو اغواء کرلیا تھا ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس سلطان بازار ڈاکٹر ایم چیتنا کے زیرنگرانی تشکیل دی گئی پولیس کی ٹیموں نے اغواء کنندکار خاتون کو کرناٹک کے ضلع بیدر میں حراست میں لیکر اسے شہر منتقل کیا اور عنقریب اسے عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔