نئی دہلی ۔ 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا انتخابات کے 7 ویں مرحلہ کی پولنگ کیلئے آج اعلامیہ جاری کیا گیا۔ تلنگانہ کے بشمول ملک کی 9 ریاستوں میں 30 اپریل کو 89 حلقوں کیلئے ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اس مرحلہ میںسب سے بڑے سیاسی قائدین کی قسمت کا فیصلہ ہوگا۔ ان میں صدر کانگریس سونیا گاندھی، بی جے پی وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی، راجناتھ سنگھ اور دیگر شامل ہیں۔ لکھنؤ حلقہ جہاں سے بی جے پی کے صدر راجناتھ سنگھ مقابلہ کررہے ہیں، امرتسر سے جہاں راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ارون جیٹلی امیدوار ہیں، کانگریس کے سابق چیف منسٹر پنجاب امریندر سنگھ کے خلاف مقابلہ کریں گے۔ یہاں 30اپریل کو رائے دہی ہوگی۔ بی جے پی کے بزرگ لیڈر مرلی منوہر جوشی جو کانپور سے مقابلہ کررہے ہیں، کانگریس لیڈر امبیکا سونی (آنند پور صاحب) اور بی جے پی کی اوما بھارتی (جھانسی) میں قسمت کا فیصلہ ہوگا۔ سونیا گاندھی نے رائے بریلی سے آج اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ نریندر مودی گجرات میں ودودرہ سے مقابلہ کررہے ہیں۔
اس کے علاوہ وہ اترپردیش میں وارانسی سے بھی امیدوار ہیں۔ تلنگانہ میں بھی 30 اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ یہاں اسمبلی کی 117 اور لوک سبھا کے 17 حلقوں پر رائے دہی ہوگی۔ 89 لوک سبھا حلقوں کے منجملہ 17 لوک سبھا حلقے نئی ریاست تلنگانہ میں ہیں۔ گجرات میں 26 ، بہار میں 7، جموں و کشمیر ، دامن اور دیوداور اور نگرحویلی میں ایک ایک حلقہ پر رائے دہی ہوگی۔ پنچاب میں 19حلقے اترپردیش میں 14 اور مغربی بنگال میں 9 حلقوں کیلئے اسی دن رائے دہی ہوگی۔ اعلامیہ کی اجرائی کے ساتھ ہی امیدوار 9 اپریل تک اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں گے جبکہ ان کے کاغذات کی تنقیح دوسرے ہی دن عمل میں آئے گی۔ 12 اپریل امیدواروں کی جانب سے پرچہ نامزدگی واپس لئے جانے کی آخری تاریخ ہوگی۔ 12 اپریل کو 8 ویں مرحلہ کی پولنگ کیلئے اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ 7 ریاستوں میں 64 حلقوں کیلئے 7 مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ عام انتخابات کا 9 واں اور آخری مرحلہ 12 مئی کو منعقد ہوگا، جس میں 3 ریاستوں کے اندر 41 لوک سبھا حلقوں کیلئے انتخابات ہوں گے۔ اس کے لئے 17 اپریل کو اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔