نوجوان ہائی ٹینشن پول پر چڑھ گیا، تین گھنٹے برقی مسدود

حیدرآباد۔/28جنوری، ( سیاست نیوز) ایک ہزار روپئے چوری کے الزام سے دلبرداشتہ شخص کا اقدام خودکشی آرام گھر علاقہ میں سنسنی کا باعث بن گیا۔ جہاں35سالہ شیخ نظام الدین نے 50فٹ لمبے برقی ہائی ٹنشن پول پر چڑھ کر سنسنی پھیلادی ۔ تقریباً 3گھنٹے طویل مشقت کے بعد نظام الدین برقی پول سے نیچے اُتر گیا۔ برقی عہدیداروں نے فوراً برقی لائن کو بند کردیا تھا جس کے سبب علاقہ میں تین گھنٹے تک برقی سربراہی مسدود رہی۔ انسپکٹر میلار دیو پلی پولیس اسٹیشن سید نعیم الدین جاوید نے بتایا کہ اڑم گڈہ علاقہ کے ساکن شیخ امام الدین کا بیٹا نظام الدین جو نشہ کی حالت میں تھا دلبرداشتہ ہوکر برقی ہائی ٹینشن پول پرچڑھ گیا۔ انسپکٹر نے چوری کے الزام کی تردید کی اور بتایا کہ گھریلو مسائل سے پریشان ہوکر نظام نے انتہائی اقدام کیا اور وہ چھلانگ لگانے کی دھمکی دے رہا تھا، مقامی افراد اور دو کانسٹبل برقی پول پر چڑھ گئے تھے اور اسے سمجھاتے ہوئے اس بات کا تیقن دیا گیا کہ پولیس کوئی کارروائی نہیں کرے گی۔نظام الدین مزدور پیشہ بتایا گیا ہے جو کئی دنوں سے بے روزگار تھا۔