حیدرآباد ۔ 5 جنوری ۔ ( سیاست نیوز) سرور نگر پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آئے ایک ناخوشگوار واقعہ میں تُکارام گیٹ پولیس اسٹیشن کے ڈیٹکٹیو انسپکٹر کی 17 سالہ نوجوان لڑکی نے مکان کی دوسری منزل سے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی ۔ تفصیلات کے بموجب انسپکٹر وائی ارجنیا کی لڑکی چندنا جو انٹرمیڈیٹ سال دوم کی طالبہ تھی نے رات کے آخری پہر دوسری منزل سے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی ۔ صبح بلدیہ کے جاروب کشوں نے چندنا کی نعش کو مکان کی گیٹ کے قریب خون میں لُت پُت پایا اور اُس کے والدین کو اس کی اطلاع دی ۔انسپکٹر نے نعش کو اپنے مکان میں منتقل کیا اور کچھ ہی دیر میں سرورنگر کی ٹیم جائے حادثہ پر پہونچ کر وہاں کا معائنہ کیا ۔ بعد ازاں نعش کو دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا گیا اور بعد پوسٹ مارٹم ورثاء کے حوالہ کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ انسپکٹر ارجنیا کو ایک لڑکا روہت اور لڑکی چندنا ہے جو دلسکھ نگر پُلا ریڈی کیمپس میں واقع نارائنا کالج سال دوم انٹرمیڈیٹ ایم پی سی کی طالبہ تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ چندنا کی خودکشی کی وجوہات کا پتہ نہیں چل سکا ہے کیوں کہ وہ کسی بھی بیماری یا ذہنی دباؤ کا شکار نہیں تھی۔ سرور نگر پولیس نے اس سلسلہ میں مشتبہ موت کا ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔