بودھن میں رکن اسمبلی شکیل عامر کی پریس کانفرنس
بودھن۔/18 ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ اسمبلی بودھن کی عوام سے کئے گئے ہر ایک وعدہ کو پورا کیا جائے گا۔ یہاں کے آٹھ تا 10 ہزار بے روزگار نوجوانوں کو روزگار سے مربوط کرنے نئی صنعتوں کے قیام کیلئے موثر نمائندگی کی جائے گی۔ نومنتخب رکن اسمبلی شکیل عامر نے اپنے انتخاب کے بعد یہاں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ قائدین و سرگرم کارکنوں نے ٹی آر ایس پارٹی کی ہر ایک اسکیم کی تشہیر کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی دراصل یہ کامیابی میرے ساتھ ہی ساتھ پارٹی کے سرگرم کارکنوں کی بھی کامیابی کہلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بعض فرقہ پرست قائدین کی طرف سے ان کے خلاف چلائی گئی مہم کو اکثر یتی فرقہ کے افراد نے مسترد کرتے ہوئے ثابت کردیا کہ یہاں حلقہ اسمبلی کے رائے دہندے سیکولرازم پر یقین رکھتے ہیں اور کارکرد پارٹی کے حق میں اپنا ووٹ استعمال کرنے کو ترقی دیتے ہیں۔ شکیل عامر نے کہا کہ سارے ملک میں بودھن کے رائے دہندے فرقہ پرستی کے بجائے یکجہتی پر ایقان رکھتے ہیں ۔ شکیل عامر نے شکست خوردہ کانگریس پارٹی کے سینئر امیدوار سدرشن ریڈی سے خواہش کی کہ وہ تجربہ کے لحاظ سے بودھن کو ترقی دینے مفید مشورے دیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کا مرحلہ ختم ہوچکا ہے تمام سیاسی جماعتیں یک جٹ ہوکر حلقہ اسمبلی بودھن کو مثالی حلقہ بنانے ان سے تعاون کرنے کی خواہش کی۔ اس پریس کانفرنس میں صدر ٹاون وی آر دیسائی، چیرمین بلدیہ ایلیا ، چیرمین ڈی سی سی نظام آباد، پٹواری گنگادھر ، عبدالرزاق و دیگر موجود تھے۔