بیدر /10 فروری ( ای میل ) ممتاز فنکشن ہال بیدر میں جماعت اسلامی ہند بیدر یوتھ وِنگ کا ایک کنونشن بعنوان "خدا کرے کہ جوانی تیری رہے بے داغ”منعقدہوا۔ کنونشن کا آغاز جناب رفیق احمد صاحب معاون ناظم علاقہ گلبرگہ کی تذکیر بالقرآن سے ہوا، انہوںنے سورۂ اعراف کی آیات 26اور27کے ذریعے تذکیر کرتے ہوئے کہا کہ لباس اللہ کی نشانیوں میں سے ایک ہے اور جو اسکے ساتھ کھلواڑ کرتے ہیں اُنہیں اللہ سے ڈرنا چاہیے آپ نے کہا کہ مسلم نوجوانوں کا لباس ایسا ہو کہ جس سے تقویٰ جھلکتا ہو۔برادر خالد پرواز ضلعی کو آرڈینیٹر یوتھ وِنگ ضلع بیدر نے کنونشن کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی ۔ بسواکلیان سے آئے نوجوان محمد نہال احمد نے نوجوانوں کو انکی اصلی منزل اور مقصد کی طرف متوجہ کرانے والا ایک ترانہ بڑے ہی پُر سوز اور مسحور کُن انداز میں پیش کیا۔ امیر مقامی بیدر جناب محمد معظم نے "ہمارا پیغام نوجوانوں کے نام”کے زیر عنوان مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی ہند نوجوانوں کی صلاحیتوں کو دین کی اشاعت کے لئے استعمال کرنا چاہتی ہے آپ نے نوجوانوں سے فرمایاکہ آپ ملت کا سرمایہ ہیں اور آپ کو اپنی سیرت و کردار سے اہلِ وطن کو متاثر کرنا ہے، آپ ہی ملت کے درخشاں مستقبل کے ضامن ہیں۔ڈاکٹر سیّد اسلام الدین مجاہد پروفیسر پولیٹکل سائنس حیدرآباد نے بحیثیت مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کہا کہ دینی احکامات سے بے نیازی اور غفلت نوجوانوں کا بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔ آج نوجوان بے اعتمادی اور کنفیوژن کا شکار بن چکا ہے۔ صارفیت کے رجحان نے نوجوانوں کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے تو دوسری جانب جنسی تعلیم کے نام پر فحاشی کو عام کرنے کی کوششیں ہورہی ہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب کو جاری رکھتے ہوئے فرمایا کہ LGBTکمیونیٹی جاہلیت جدیدہ کی علمبردار ہے مغربی تہذیب نے ایک اسلام ہی نہیں بلکہ ہندوستان کے تمام مذاہب کی اقدار کوپامال کرکے رکھ دیاہے۔ فکری تبدیلی کے لئے ضروری ہے کہ مسلم نوجوان اپنے مقصدِ زندگی سے واقف ہوں، دینی اقدار کو دلجمعی سے اپنائیں۔
اپنی صلاحیتوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ صالحیت، پر بھر پور توجہ دیں اور جدوجہد کی راہ کو اپنائیں۔ حافظ سیّد کلیم اللہ امام و خطیب مسجدِ شیخ مہتاب ہمناآباد نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اِنتشار پھیلانے والی طاقتوں سے اپنے آپ کو بچائیں، صالح صحبت اختیار کریں اور اُسوۂ محمدیؐ سے اپنے آپ کو جوڑ کر اپنے آپ کو دنیا و آخرت کی کامیابی کا حقدار بنائیں۔ انہوںنے مزیدکہاکہ نوجوانوں کی اخلاقی گراوٹ، اُنکی بے روزگاری اور کُسُل مندی کے لئے بزرگ بھی ذمہ دار ہیں کہ اُنہوں نے اس مسئلہ کے حل کی جانب بھر پور توجہ نہیں دی۔مولانا فہیم الدین رکن مجلسِ شوریٰ جماعت اسلامی ہند کرناٹک نے اپنے اختتامی خطاب میں نوجوانوں سے کہا کہ جب تک جوانی ہے تب تک ہی ہمیں مواقع حاصل ہیں، جب ہمارے اعضاء مضمحل ہوجائیں گے کچھ کر نہیں سکیں گے۔ آپ نے مزید کہا کہ ہندوستان آپ کے پیغام ِ امن ومحبت کا منتظر ہے، اُٹھو! اپنے کردار کو اسوۂ محمدیؐ پر استوار کرتے ہوئے اباحیت، جنس پرستی اور مادہ پرستی کے تدارک کی سبیل کرو اور اعلانِ حق ودعوت کا کام انجام دو۔آخر میں مقامی کوآرڈینیٹر یوتھ ونگ برادر عبدالسلام مبشر نے تمام نوجوانوں کو عہد دلوایا جو بڑی تعداد میں ضلع بھر سے آئے ہوئے تھے۔ برادر خضر انتصار ناظم کنونشن کے تشکر پر کنونشن اپنے اختتام کو پہنچا۔