اسلام آباد ۔ 29 فبروری (سیاست ڈاٹ کام)پاکستان میں شائع ہوئی ایک نئی کتاب میں انکشاف کیا گیا ہیکہ وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے 1990ء میں مرحومہ بے نظیر بھٹو کی پاکستان پیپلز پارٹی کے خلاف انتخابات لڑنے کیلئے القاعدہ سربراہ اسامہ بن لادن سے خطیر رقم لی تھی۔ کتاب کا عنوان ہے ’’خالد خواجہ : شہید امن‘‘ جس کی مصنفہ شمامہ ملک ہیں جو آئی ایس آئی کے سابق سرگرم رکن خالد خواجہ کی اہلیہ ہیں۔ انہوں نے کتاب میں تحریر کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے پاکستان میں اسلامی حکومت متعارف کرنے کے جو وعدے کئے تھے ان وعدوں سے خواجہ اور اسامہ دونوں مرعوب ہوئے تھے۔ پی ایم ایل ۔ این سربراہ نواز شریف نے پاکستان میں ضیاء الحق حکومت کے خاتمہ کے بعد بے نظیر بھٹو کی پی پی پی کے خلاف انتخابی لڑائی کیلئے اسامہ بن لادن سے خطیر رقم حاصل کی تھی۔ حالانکہ اسامہ نے نواز شریف کو خطیر رقومات دی تھیں لیکن مابعد الیکشن اقتدار ملتے ہی نواز شریف نے اپنے تمام وعدے فراموش کردیئے تھے۔