نندیال۔/15مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بلدیہ انتخابات کے سلسلہ میںنندیال کے عوا میں جوش و خروش پایا جارہا ہے۔ مجلس بلدیہ نندیال کی 42رکنی کونسل کے انتخابات کے سلسلہ میں پرچہ نامزدگی کے ادخال کے چوتھے دن جملہ 361امیدواروں نے اپنے پرچہ نامزدگیاں داخل کی گئیں۔ اس بار بلدیہ نندیال کے تمام مسلم وارڈز میں تلگودیشم اور وائی ایس آر سی پی پارٹیاں مسلم امیدواروں کو ہی انتخابی میدان میں اُتار رہی ہیں۔ 2005ء مجلس بلدیہ انتخابات میں مسلمانان نندیال کے اتحاد سے 40رکنی کونسل میں 12وارڈز سے کانگریس پارٹی کی ٹکٹ پر مسلم کونسلر منتخب ہوئے تھے۔ لیکن اس بار معاملہ سابق کے برعکس نظر آرہا ہے۔ گذشتہ مجلس بلدیہ میں کانگریس کا پرچم لہرایا تھا۔ اس مرتبہ بلدیہ نندیال کے انتخابات میں کانگریس کی حالت بہت بری نظر آرہی ہے۔ اس بار کانگریس پارٹی بڑی مشکل سے صرف 10وارڈز میں اپنے امیدواروں کو انتخابی میدان میں اُتاررہی ہے لیکن ایک امیدوار بھی منتخب ہونے کی امیدکوسوں دور نظر آرہی ہے۔ آخری دن شام تک جملہ 361 نامزدگیاں داخل کی گئیں۔