نندیال۔20اگست( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نیشنل گروپ آف کالجس نندیال کے زیراہتمام عازمین حج کیلئے ایک روزہ تربیتی اجتماع نیشنل پی جی کالج میں منعقد ہوا جس میں ڈاکٹر ایس امتیاز احمد چیرمین نیشنل گروپ آف کالجس ‘ مولانا حافظ زبیر احمد خان ‘ مولانا عبدالماجد کے علاوہ دیگر مقامی علماء ‘ حفاظ ‘ معززعمائدین شہرکے علاوہ ضلعکرنول کے عازمین نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ سب سے پہلے ڈاکٹر شیخ امتیاز احمد نے اپنے خطاب میں عازمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے مشورہ دیا کہ سفر کے درمیان اپنی صحت و سامان کا خاص خیال رکھیں ۔ جب مقدس مقامات پر پہنچیں تو ادب و احترام کا لحاظ رکھیں ۔ بعد ازاں مولانا عبدالماجد نے عازمین حج کو خطاب کرتے ہوئے دوران حج و عمرہ جلد بازی اور خودغرضی سے منع فرمایا ۔ جہاں تک ہوسکے نماز ‘ عبادت ‘ ذکر و اذکار میں مصروف رہنے کا مشورہ دیا اور تمام مناسک حج و عمرہ پر عملی طور پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ ظہرانہ کے بعد دوسری نشست میں مولانا زبیر احمد خان کرنول نے خطاب کرتے ہوئے مکہ و مدینہ کے مقدس مقامات اور یہاں کی عبادات اور ان کی اہمیت و فضیلت عازمین حج کو واقف کروایا ۔ جلسہ کا آغاز حافظ محمد شبیر احمد لکچرار اردو کی قرات کلام پاک سے ہوا پھر انٹرمیڈیٹ سال اول کی طالبہ صبیحہ سلطانہ نے نعت شریف پیش کی ۔ جلسہ کی نظامت کے فرائض سید جمیل الدین نے انجام دیا ۔ جلسہ کا اختتام پر ڈاکٹر شیخ امتیاز احمد نے مہمان مقررین ‘ عمائدین شہر اور تمام عازمین حج و حاصرین کا شکریہ ادا کیا ۔ جلسہ میں عبدالرفیع احمد صاحب ‘ محمد شریف صاحب نامہ نگار ‘ نذیر الدین لکچرار‘ محمد اسد اللہ ‘ خواجہ حسین ملاں ہندی لکچرارو دیگر ملازمین کالج ہذا نے شرکت فرمائی۔