بنگلورو۔5؍اگست:(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محکمۂ شہری رسد کی طرف سے راشن کی دکانوں پر فراہم کئے جانے والے نمک کے پاکٹوں پر وزیراعلیٰ سدرامیا اور وزیر شہری رسد وخوراک دنیش گنڈو راؤ کی تصاویر کے خلاف آج ریاستی بی جے پی نے ریاستی الیکشن کمیشن کو شکایت کی اور مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ہدایت دی جائے کہ ان پاکٹوں کو تقسیم ہونے سے روکا جائے، بی بی ایم پی انتخابات کی تاریخوں کے اعلان کے باوجود راشن کی دکانوں پر ان پاکٹوں کی تقسیم کو انتخابی ضابطہ کی پامالی سے تعبیر کرتے ہوئے بی جے پی وفد نے ریاستی الیکشن کمشنر سرینواس چاری کو شکایت نامہ پیش کیا،اور مطالبہ کیا کہ فوری طور پر راشن کی دکانوں سے نمک کے پاکٹوں کی تقسیم پر روک لگائی جائے۔اراکین اسمبلی سریش کمار، وجئے کمار ، رکن کونسل اشوتھ نارائن اور دیگر لیڈران نے الیکشن کمیشن کو نمک کے وہ پاکٹ بھی پیش کئے جس پر وزیر اعلیٰ اور وزیر شہری رسد وخوراک کی تصاویر ہیں۔ الیکشن کمیشن نے اس سلسلے میں حکومت کو مناسب ہدایت دینے کا یقین دلایا۔