نماز اللہ کی مفروضہ عبادتوں میں سے اہم عبادت

جامعتہ المومنات میں اجتماع، ڈاکٹر رضوانہ زرّین کا خطاب
حیدرآباد۔ یکم مارچ،( راست ) جامعتہ المومنات مغلپورہ میں خواتین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مفتیہ رضوانہ زرین مومناتی پرنسپل و شیخ الحدیث جامعتہ المومنات نے کہا کہ نماز اللہ کی مفروضہ عبادتوں میں سے اہم عبادت ہے، جس طرح مرد پر پانچ وقت کی نماز فرض ہے اسی طرح عورتوں پر بھی پانچ وقت کی نماز فر ض ہے۔ نماز کے ذریعہ اللہ کا قرب حاصل ہوتا ہے۔ نماز نور ہے، نماز مومن کی معراج ہے۔ بے نمازی سے رب ناراض ہوتا ہے، ہر مسلمان کو روزآنہ پانچ وقت کی نماز پڑھنا فرض ہے، نماز سے گھروں میں کمائی میں برکت حاصل ہوتی ہے۔ رب تعالیٰ کی خوشنودی حاصل ہوتی ہے۔ نماز کا منکر کافر ہے اور نماز نہیں پڑھنے والا سخت گنہگار ہے۔ اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں سب سے زیادہ عظمت والا وہ ہے جو نماز کے وقت کا خیال رکھتا ہے ۔ بے نمازی کا اسلام میں کوئی مقام نہیں ہے۔ مسلم خواتین بلا عذر فرض نماز بیٹھ کر پڑھتی ہیں نماز نہیں ہوتی اس لئے کہ قیام فرض ہے۔ نماز رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی آنکھوں کی ٹھنڈک ہے۔ نماز دین کا ستون ہے۔ نماز گناہوں کو ایسے دھو دیتی ہے جیسے پانی میل کو دھوتا ہے۔ رضوانہ زرّین نے مزید کہا کہ قرآن مجید و احادیث مبارکہ میں نماز کی بار بار تاکید وارد ہوئی ہے۔ نمازیوں کے چہرے قیامت کے دن چمکدار ہوں گے۔ حضرت حنظلہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا جو شخص پانچوں نمازوں کی پابندی کرے جس میں وضو اور اوقات کا اہتمام کرے ، رکوع اور سجدہ اچھی طرح ادا کرکے نماز پڑھنے کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے اپنے ذمہ ضروری سمجھے تو اس آدمی کو جہنم کی آگ حرام کردی جائے گی۔ ایمان کے بعد سب سے پہلے نماز کے بارے میں سوال ہوگا ۔ نماز کسی حالت میں نہیں چھوڑ سکتے ہیں ۔ بیمار کو ٹھہر کر پڑھنے کی استطاعت نہ ہو تو بیٹھ کر پڑھیں۔